تحریک لبیک کے رہنماؤں کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت میں شہریوں کی املاک تباہ کرنے کے خلاف تحریک لبیک کے عہدیداروں کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سول لائنزسے 14 نومبر کو رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج محمد خان کی عدالت میں شہری عبد اللہ ملک نے تحریک لبیک کے راہنماؤں کیخلاف اندراج مقدمہ کی دائر درخواست میں تحریک لبیک پاکستان کے رہنما خادم رضوی، پیر افضل قادری ،ڈاکٹر آصف جلالی اور دیگر کو فریق بنایا ہے، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں اور راہنماؤں نے احتجاج کرتے ہوئے عوام کی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ،عوام کی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو آگ لگائی ،اس کے علاوہ مختلف پراپرٹیزکو بھی نقصان پہنچایا گیا،مذکورہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے ،درخواست گزار نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تھانہ سول لائننز میں درخواست دائر کی گئی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔