اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ کی آئی جی پنجاب سے ملاقات

اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ کی آئی جی پنجاب سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم رپو رٹر) اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے ساتھ ملاقات کی۔دوران ملاقات سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور زیر بحث آئے جبکہ پنجاب پولیس اور پاک نیوی کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون اور رابطہ بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔اس موقع پر کموڈور نعمت اللہ نے پنجاب پولیس کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید پراجیکٹس کو سراہا جس پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے افسران واہلکار سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہائی الرٹ ہوکر فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ پنجاب پولیس اور پاک نیوی کے مابین انفارمیشن شئیرنگ کے ساتھ ساتھ ٹریننگ انسٹرکٹرز کے تبادلوں سے فورس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا ۔
۔ انہوں نے نیوی کموڈور کو پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مزید بتایا کہ دیگر صوبوں کی پولیس فورسز نے بھی پنجاب پولیس کے جدید پراجیکٹس کو اپنے نظام کا حصہ بنایا ہے۔ ملاقات کے اختتام پرآئی جی پنجاب اور نیوی کموڈور کے مابین یادگاری سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ دریں اثنا امریکن قونصلیٹ لاہور سے سیکیورٹی آفیسرز کے دو رکنی اعلی سطحی وفد نے بھی سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا ۔ امریکی وفد میں ریجنل سیکیورٹی آفیسر پنجاب، میتھیو کوپیک(Mr. Mathew kupec) اور سینئر سیکیورٹی ایڈوائزر افضال عارف راؤشامل تھے ۔امریکی وفد نے دورے کے دوران آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے امریکی وفد کو غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے بنائی گئی نئی پی ایچ آر(PHR)فورس اور آئی ٹی پراجیکٹس فرنٹ ڈیسک ، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ، ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ، پولیس کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم 8787، خدمت مراکز اور پنجاب پولیس انٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے متعلق آگاہ کیا ۔امریکی وفد نے پنجاب پولیس میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، اینٹی رائٹس فورس سمیت دیگر سپیشلائزڈ یونٹس کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس عصر حاضر کے تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کا فریضہ بہترین انداز میں سر انجام دے رہی ہے ۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے امریکی وفد کو پنجاب پولیس کا یادگاری سووینئیر بھی پیش کیا ۔

مزید :

علاقائی -