نندی پور پروجیکٹ کیس،4ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

نندی پور پروجیکٹ کیس،4ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے نندی پور پروجیکٹ میں استعمال ہونے والے کڑوروں روپے کے ڈیزل کو خوردبرد کرنے کے الزام میں گرفتار 4ملزموں کوجسمانی ریمانڈ پر 19 نومبر تک نیب کے حوالے کردیاہے ،عدالت کو بتایا گیا کہ اس کیس میں تین ملزم دلبر ڈوگر رانا مہتاب اور غلام شبیر نیب کے ساتھ پلی بارگینگ کرنا چاہتے ہیں جبکہ قیصر عباس سے ابھی تفتیش کی جا رہی ہے ،عدالت نے ملزمان سے مختلف سوالات کئے جو رقم ادا کرنے پر رضا مند تھے تاہم عدالت نے نیب کی درخواست پر کہ وہ ملزمان سے ابھی رقم کے حوالے سے بات چیت کررہے ہیں لہذا ان کو ریمانڈ پر دیا جائے۔

، عدالت میں ملزم قیصر عباس نے موقف اختیار کیا کہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ،اس کو رقم دینے کے لئے مجبور کیا جا رہا ہے جبکہ اس نے ایساکوئی کام نہیں کیا ،عدالت نے دیگر ملزمان سے پوچھا کہ وہ بتائیں انہوں نے فراڈ سے رقم حاصل کی تھی جو واپس کرنے کا کہہ رہے ہیں اس پر ملزمان خاموش ہو گئے اور کہا ہم جیل میں نہیں رہنا چاہتے ،عدالت نے نیب کی درخواست پرمذکورہ ملزموں کو 19نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسرکو ہدایت کی آئندہ سماعت پر تفتش مکمل کرلی جائے۔

مزید : علاقائی