پاکستان میں ایجوکیشن سٹی بنانے کی خواہش ، اسد قیصر ، تعاون کرینگے ، برطانوی ہائی کمشنر

پاکستان میں ایجوکیشن سٹی بنانے کی خواہش ، اسد قیصر ، تعاون کرینگے ، برطانوی ...

اسلام آباد (آئی این پی ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی ترقی اور خطے کی خوشحالی کے لیے تمام ممالک کے ساتھ پارلیمانی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے، پاک برطانیہ اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں سے اراکین ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ، پاکستانی طلباء برطانوی طرز تعلیم سے بہت متاثر ہیں ، ان کو برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے خاطر خواہ مواقع میسر آنے چاہیے، پاکستان میں ایجوکیشن سٹی بنانا چاہتا ہوں تاکہ غریب اور کم آمدن والے لوگوں کے بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، جبکہ برطانوی ہائی کمشنر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کے تسلسل کے ذریعے ادارے مضبوط ہونگے اور ملک معاشی و اقتصادی طور پر مزید مستحکم ہو گا،برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ ،پاکستانی اراکین پارلیمنٹ اور سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔ جمعرات کو برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی ،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی روابط کے فروغ کو زیربحث لایا گیا ۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط اور مستحکم بنانا چاہتا ہے ،پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے کے ذریعے لائبریری ، ریسرچ ، قانون سازی،اورقائمہ کمیٹیوں کے نظام کار کو مزید فعال بنایا جا سکتا ہے،حکومت پارلیمانی تعاون کے فروغ کے ذریعے تمام شعبوں میں دوست ممالک سے تجربات کے ذریعے آگاہی حاصل کرنا چاہتی ہے، پاکستان میں ایجوکیشن سٹی بنانا چاہتا ہوں تاکہ غریب اور کم آمدن والے لوگوں کے بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کے تسلسل کے ذریعے ادارے مضبوط ہونگے اور ملک معاشی و اقتصادی طور پر مزید مستحکم ہو گا،برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ ،پاکستانی اراکین پارلیمنٹ اور سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔

مزید : صفحہ آخر