عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے انقلابی اقدامات کرنا ہونگے، علیم خان

عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے انقلابی اقدامات کرنا ہونگے، علیم خان

لاہور(جنرل رپورٹر )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائم منسٹرریفارمزٹیم اور پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم کے100روزہ منصوبے پر اب تک کی پیش رفت ، وفاق اور پنجاب میں مختلف شعبوں میں کی جانے والی منصوبہ بندی اور سرکاری محکموں میں کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عوامی توقعات پوراکرنے کیلئے روائتی سسٹم کو بالائے طاق رکھ کر انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے16محکموں میں100روزہ پلان کی تیزی سے منصوبہ بندی ہو رہی ہے اور انشاء اللہ اپنے انتخابی وعدوں کے مطابق صاف اور شفاف نظام لانے ، لوگوں کے سرکاری محکموں میں فوری مسائل کے حل اور تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تیزی سے کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ صرف فیتے نہیں کاٹنے بلکہ عوامی فلاح و بہبود کا عملی کام کرنا ہے اور خالی خزانے اور مقروض معیشت کے باوجود بہترین کارکردگی دکھانی ہے،انہوں نے پرائم منسٹر ریفارمز ٹیم اور پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ باہم رابطے کے ساتھ گزشتہ 70دنوں میں طے کیے گئے نئے منصوبوں کی مانیٹرنگ کاعمل شروع کر دیں ۔

علیم خان

مزید : صفحہ آخر