منگنی کی انگوٹھی پسند نہ آنے پر لڑکی مسئلہ لیکر سوشل میڈیا پر پہنچ گئی

منگنی کی انگوٹھی پسند نہ آنے پر لڑکی مسئلہ لیکر سوشل میڈیا پر پہنچ گئی

  

برمنگھم(نیوز ڈیسک) برطانوی لڑکی جسے اپنے ہونے والے منگیتر کی الماری میں منگنی کی انگوٹھی ملی، جو بیچارے نے اِسی کے لئے خریدی تھی، مگر یہ محترمہ خوش ہونے کی بجائے اُلٹا منہ بنا کر بیٹھ گئی ہے۔میل آن لائن کے مطابق یہ لڑکی انگوٹھی دیکھ کر ایسی مایوس ہوئی کہ اپنا ’مسئلہ‘ لے کر سوشل میڈیا پر پہنچ گئی۔ اُس نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ’’ یہ (انگوٹھی) مجھے اپنے بوائے فرینڈ کی الماری میں ملی ہے ۔ یقیناً وہ مجھے سرپرائز دینا چاہتا ہے مگر مجھے یہ بالکل پسند نہیں آئی۔ اسے دیکھ کر میرا موڈ بہت خراب ہے۔ پلیز مجھے بتائیں کہ کس طرح اسے پیغام دوں کہ یہ میری پسند کے مطابق نہیں اور وہ منگنی کے لئے کوئی اچھی سی انگوٹھی لائے تو بہتر ہو گا۔‘‘ چند گھنٹوں میں ہی اس لڑکی کی یہ پوسٹ وائرل ہوچکی تھی اور سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد اسے تنقید کا نشانہ بنا رہی تھی۔ ایک خاتون نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’’ میں تو چاہوں گی کہ وہ تمہارے ساتھ تعلق ہی توڑ لے۔ اگر تم اس طرح کا رویہ رکھتی ہو تو میرا خیال ہے کہ کسی کو بھی تم سے شادی نہیں کرنی چاہیے، جب تک کہ تم اپنا رویہ درست نہ کرلو ۔‘‘ ایک لڑکی نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ’’ تمہیں اس کی پسند پر اتنا ہی اعتراض ہے تو اس کے ساتھ ناطہ توڑ کیوں نہیں لیتی ۔ تمہاری بھی زندگی آسان ہوجائے گی اور اس کی بھی۔‘‘ اور کسی نے طنز کرتے ہوئے کہا ’’ تم یہ کیوں سمجھ بیٹھی ہو کہ وہ یہ انگوٹھی تمہارے لیے لایا ہے؟ ہوسکتا ہے کہ اس کی نظر کسی اور پر ہو اور وہ تمہاری بجائے کسی اور کو انگوٹھی پہنانے کی تیاری کر رہا ہو!‘‘

منگنی کی انگوٹھی

مزید :

صفحہ آخر -