شہباز شریف ابھی مزید کیسوں میں گرفتار ہونگے ، ڈی جی نیب لاہور

شہباز شریف ابھی مزید کیسوں میں گرفتار ہونگے ، ڈی جی نیب لاہور

لاہور(مانٹیرنگ ڈیسک )قومی احتساب بیورو (نیب)لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم نے کہا ہے شہباز شریف سے سوال گندم کا ہو تو جواب چنا ہوتا ہے، سوال کریں تو کہتے ہیں میں نے بڑی خدمت کی ہے ، شہبا ز شریف کی مزید کیسز میں بھی گرفتاری ہوگی، آشیانہ کیس مکمل ہے نومبر کے آخر میں نیب ہیڈ کوارٹرز کو بھیج دیں گے ، فواد حسن کو شہباز شریف کے سامنے بٹھایا گیا تھا، شہباز شریف نے ان کو تسلی دی کہ تم چپ ہو جا ؤ، روؤ مت،چیئرمین نیب نے خواجہ برادران کے وارنٹ گرفتاری جاری کر د یئے ہیں،14نومبر کو عدالت کو وارنٹ گرفتاری کا بتا دیں گے، سعد رفیق اور سلمان رفیق کو عدالت میں ہی گرفتار کریں گے۔ جمعرا ت کو ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشافات سے بھرپور گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا میرا خیال ہے شہباز شریف کی مزید کیسز میں بھی گرفتاری ہوگی۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے انکشا ف کیا کہ پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل میں جس کو بھی گواہی کیلئے بلاتے ہیں وہ غائب ہو جاتا ہے، کیس میں نیب نے بڑے ثبوت اکھٹے کر لیے ہیں۔ پیراگون کیس میں خواجہ برادران کیخلاف انکوائری جاری ہے، نیب کے ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانت نہیں لے سکتے، فواد حسن فواد نے بیان دیا جو کچھ کیا وزیرِ اعلی کے کہنے پر کیا۔ مونس الہی اور پرویز الہی کیخلاف بھی کیس پر تیزی سے کام جاری ہے، مسئلہ یہ ہے زیادہ تر لوگوں کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔ شریف برادرز کیخلاف ایک اسکینڈل رمضان شوگر ملز میں فضلہ ٹھکانے لگانے کا ہے، سرکاری خزانے سے رمضان شوگر ملز کا سیوریج سسٹم بنایا گیا، قانونی وضاحت دی گئی تو ٹھیک ورنہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، رمضان شوگر ملز کیلئے گنا پہنچانے کیلئے بھی سرکاری خزانے سے پل بنایا گیا۔ نئے چیئرمین نیب کے بعد لاہور کے مقدمات میں تیزی سے پیش رفت ہوئی، اس سے پہلے کے سیٹ اپ میں لاہور کے کیسز کو دبا کر رکھا گیا تھا۔ مجھے دھمکیاں ملنے کی بات پرانی ہے۔ نیب کو نہیں معلوم حکومت کیا چیز ہوتی ہے، خود مختار ہیں، ہم سے کسی حکومتی شخصیت نے رابطہ نہیں کیا۔

ڈی جی نیب لاہور

مزید : صفحہ اول