معاف کرنا ہی اسلام کا اصل پیغام ، ریاست کے قوانین پر عمل نہ کرنیوالا ابدی جہنمی ، صدر مملکت

معاف کرنا ہی اسلام کا اصل پیغام ، ریاست کے قوانین پر عمل نہ کرنیوالا ابدی ...

ملتان(آئی این پی)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ ہمارے نبی ؐ کا اصل پیغام محبت کا ہے لیکن ہم اس کو بھول کر ڈنڈا اٹھا لیتے ہیں،جو ریاست کے قوانین پر عمل نہیں کرے گا وہ ابدی جہنمی ہے۔ معاف کرنا ہی اسلام کا اصل پیغام ہے ۔صوفیائے کرام نے رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔اسلام کی اصل روح کو پہچاننے کیلئے ہمیں کوشش جاری رکھنی چاہیے۔نئے پاکستان میں غربت کا خاتمہ کریں گے اور یکساں نظام تعلیم لائیں گے۔ملتان کی بہاوالدین زکریایونیورسٹی کے جنا ح آڈیٹوریم میں عالمی صوفی کانفرنس ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پرانا پاکستان وہ ہے جو تعصبات اور نفرتوں کی طرف لے جاتاہے جو ہمیں نیچے کی جانب کھینچتا ہے اور نیا پاکستان وہ ہے جو تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں بلندیوں کی طرف لے جائے گا۔ایک ایسا پاکستان جہاں لوگوں کو ان کاحق ملے گا۔انصاف ملے گا۔غریب کو روزگار ملے گا،رہنے کے لیے گھر ملیں گے اور تعلیم اورصحت کی سہولیات انہیں فراہم کی جائیں گی۔جن چیزوں کاحکم نبی کریم ؐ اور قرآن پاک میں دیا ہے ان پر عمل کریں گے تو پاکستان کی ترقی کوئی نہیں روک سکے گا۔صدرمملکت نے کہاکہ اسلام محبت کا پیغام دیتا ہے۔محبت کے ذریعے دلوں کو جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ صوفیاء کرام نے بھی محبت کے ذریعے لوگوں کو جوڑ دیا۔اور محبت کے ذریعے ہی اسلام کا پیغام پھیلایا۔

مزید : صفحہ اول