عافیہ کے معاملہ پر امریکہ سے بات ہوئی ، رہائی سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا ، پاکستان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق امریکہ سے بات ہوئی ہے،مگر امر یکہ کی جانب سے ان کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جب فیصلہ نہیں ہوا تو نہیں کہہ سکتے رہائی کب تک ہو گی ، آسیہ بی بی سے متعلق میڈیا کی خبریں بے بنیاد ہیں ،وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کی دعوت پر دورہ کیا، دورے سے دونوں ممالک کے با ہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی، کسی کو پاکستان کی صلاحیتوں پر شک نہیں ہونا چاہیے ،کھلے سمندر میں بھارت کی ایٹمی آبدوز کا گشت کرنا عالمی امن کیلئے خطرہ ہے،برطانوی پار لیمنٹ کے پارلیمانی گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے بعد دوسری عالمی رپورٹ ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں لاگو کالے قوانین کی نشاندہی کی ہے، رپورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی تجویز دی گئی ہے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں مزید بتایا ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، امریکی پابندیوں سے متعلق بھی بات ہوئی۔ چین میں سیکریٹری فنانس، سٹیٹ بینک حکام اور سیکریٹری خا ر جہ موجود ہیں، چین کیساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا جنوب و سط ایشیاء کیلئے امریکی نمائندہ ایلس ویلز سے وفود کی سطح پر گفتگو میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات ہوئی۔قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں گزشتہ روز آسیہ بی بی کی ملتان جیل سے رہائی کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہونے کی میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا آسیہ بی بی پاکستان میں موجود ہے، اس کی بیرون ملک روانگی کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں۔
پاکستان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تصدیق کے بغیر آسیہ بی بی کی ملک سے روانگی کی خبر چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے،یہ کیس ایک حساس معاملہ ہے، میڈیا کے ایک حصے سے کہتا ہوں وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ۔ آسیہ بی بی پاکستان میں ہی موجود ہے، بغیر تصدیق خبر چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ،ہیڈ لائنز بنانے کیلئے جعلی خبروں کی اشاعت وطیرہ بن چکا ہے، میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا پارلیمنٹ ہاؤ س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا، ان کا دورہ نہایت کامیاب رہا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی،اس سے پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن سے متعلق مسائل حل ہوں گے، اپوزیشن والے کہتے ہیں ماحول خراب ہے ان کو اگر این آر او دیں تو سب ٹھیک ہو جائیگا، عمران خان مک مکا نہیں کرنے دیں گے ، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، پی اے سی سربراہی پر حکومت اور اپوزیشن کے مابین ڈیڈلاک برقرار ہے ، حکومت اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی کہ چھوٹے بھائی کو بڑے بھائی کا آڈٹ کرنے پر لگا دیں ، شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا مطالبہ اتنا ہی غیر اخلاقی ہے جتنی انکی 5سالہ کارکردگی ‘ اعظم سواتی وفاقی وزیر ہیں انکو کیوں ہٹائیں ، آسیہ بی بی پر رپورٹنگ غیر ذمہ دارانہ صحافت کی مثال ہے، اس کا جائزہ لے رہے ہیں ،کابینہ اجلاس میں اویکیو ٹرسٹ بورڈ کی تنظیم نوکرنے ، لبرٹی ایئر لمیٹڈکو لائسنس جاری کرنے اورایف بی آر سے پالیسی بنانے کا اختیار واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،احمد نواز سکھیرا کو بورڈ آف انوسمنٹ کا نیا سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے ۔ اربوں کی جائیدادیں ایویکیوٹرسٹ بورڈکی نا اہلی کے باعث تباہ ہو رہی ہیں۔ گزشتہ دوروں میں اس ادارے میں بھی سیاسی چیئرمین لگایا گیا جس نے ادارے کو تباہ کیا۔ڈاکٹر عشرت عباد کو ایویکیو ٹرسٹ بورڈ کی از سرنو تنظیم سازی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو اس کے اوپر ٹاسک فورس بنائیں گے جو ان کے فیصلوں پر عملدرآمد کرائے گی۔ریاض احمد میمن کو ٹریڈ کارپوریشن کا نیاایم ڈی تعینات کیا گیا ہے۔کابینہ اجلاس میں لبرٹی ایئر لمیٹڈ ایک نئی ایئرلائن ہے جس کو لائسنس جاری کیا گیا ہے۔احمد نواز سکھیرا کو بورڈ آف انوسمنٹ کا نیا سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ایس ای سی پی کا بھی نیا بورڈبنایا گیا ہے جس کے ارکان کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ایف بی آر سے پالیسی بنانے کا اختیار واپس لے لیا گیا ہے جو ایک بڑا مطالبہ تھا۔
فواد چودھری