فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ، بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر آئندہ برس شروع ہوجائیگی ، چیئرمین واپڈا

فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ، بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر آئندہ برس شروع ...

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا ہے کہ بھاشا اور مہمند ڈیموں کیلئے فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں، 2019 میں ان کی تعمیر کا آغاز کر دیا جائے گا، دنیا میں سب سے زیادہ پانی استعمال کرنے والی قوم ہیں، واپڈا اور حکومت ہی نہیں بلکہ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھے۔ ایک مذاکرے میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا کہ موجودہ حالات میں درست سمت میں بڑھنے کی ضرورت ہے، ماضی میں حکومتوں نے پانی کی بجائے تھرمل پاور ہاسز والی مہنگی بجلی کو فوقیت دی جو غلط فیصلہ تھا، خمیازہ سب بھگت رہے ہیں اور سرکلر ڈیٹ ہی ختم نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا1951میں پاکستان میں سالانہ فی شہری پانی کی دستیابی 5 ہزار کیوبک میٹر سے زائد تھی۔ عام طور پر اگر کسی ملک میں یہ 3ہزار پر آ جائے تو وہ اس ملک کو پانی کا بحران تصور کیا جاتا ہے، اگر یہ 2ہزار پر آ جائے تو 'واٹر سٹریس' میں آجاتا ہے اور اگر یہ خدا نخواستہ ایک ہزار سے نیچے آجائے تو وہ ملک پانی کی شدید قلت والے ممالک میں شامل ہوتا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا پاکستان میں اس وقت سالانہ فی شہری پانی کی دستیابی 948کیوبک میٹر پر ہے، بھارت مسلسل سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ایسے حالات میں ڈیمز فوری بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہم نے اپنے ادارے مضبوط نہیں کیے، ہم 50ملین ایکڑ فٹ سالانہ پانی زمین نے نکالتے ہیں اور اس کی وجہ سے مختلف نمکیات انتہائی تباہی مچاتی ہیں، صرف لاہور میں پانی کی سطح جو ایک زمانے میں 50فٹ پر تھی اب ایک ہزار فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

چیئرمین واپڈا

مزید : صفحہ اول