آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبریں بے بنیاد ہیں ،دفتر خارجہ

آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبریں بے بنیاد ہیں ،دفتر خارجہ

اسلام آباد(آئی این پی ) دفتر خارجہ نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، وہ پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں گزشتہ روز آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کردیا گیا تھا جس کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہوچکی ہیں۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے آسیہ بی بی پاکستان میں موجود ہے، اس کی بیرون ملک روانگی کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے تصدیق کے بغیر آسیہ بی بی کی ملک سے روانگی کی خبر چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے، آسیہ بی بی کا کیس ایک حساس معاملہ ہے، میڈیا کے ایک حصے سے کہتا ہوں وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں آسیہ بی بی کے ملک سے باہر جانے کی خبروں کی تردید کر تے ہوئے کہا ہیڈ لائنز بنانے کیلئے جعلی خبروں کی اشاعت وطیرہ بن چکا ہے، تصدیق کے بغیر خبر چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے، میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

مزید : کراچی صفحہ اول