عمران خان مک مکا کریں گے نہ کسی کو بھاگنے دیں گے : فواد چودھری

عمران خان مک مکا کریں گے نہ کسی کو بھاگنے دیں گے : فواد چودھری

  

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا، ان کا دورہ نہایت کامیاب رہا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی،اس کی تفصیلات کچھ دنوں میں سامنے آئیں گی،اس سے پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن سے متعلق مسائل حل ہوں گے، اپوزیشن والے کہتے ہیں ماحول خراب ہے ان کو اگر این آر او دیں تو سب ٹھیک ہو جائیگا، عمران خان مک مکا نہیں کرنے دیں گے ، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، پی اے سی سربراہی پر حکومت اور اپوزیشن کے مابین ڈیڈلاک برقرار ہے ، حکومت اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی کہ چھوٹے بھائی کو بڑے بھائی کا آڈٹ کرنے پر لگا دیں ، شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا مطالبہ اتنا ہی غیر اخلاقی ہے جتنی انکی 5سالہ کارکردگی ‘ اعظم سواتی وفاقی وزیر ہیں انکو کیوں ہٹائیں ، آسیہ بی بی پر رپورٹنگ غیر ذمہ دارانہ صحافت کی مثال ہے، اس کا جائزہ لے رہے ہیں ، ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریں گے،کابینہ اجلاس میں اویکیو ٹرسٹ بورڈ کی تنظیم نوکرنے ، لبرٹی ایئر لمیٹڈکو لائسنس جاری کرنے اورایف بی آر سے پالیسی بنانے کا اختیار واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،احمد نواز سکھیرا کو بورڈ آف انوسمنٹ کا نیا سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے ۔ وہ جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤ س کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم پابندی کے ساتھ کابینہ اجلاس کرا رہے ہیں اور اپنے ساتھیوں سے مل رہے ہیں۔ اربوں کی جائیدادیں ایویکیوٹرسٹ بورڈکی نا اہلی کے باعث تباہ ہو رہی ہیں۔ گزشتہ دوروں میں اس ادارے میں بھی سیاسی چیئرمین لگایا گیا جس نے ادارے کو تباہ کیا۔ڈاکٹر عشرت عباد کو ایویکیو ٹرسٹ بورڈ کی از سرنو تنظیم سازی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو اس کے اوپر ٹاسک فورس بنائیں گے جو ان کے فیصلوں پر عملدرآمد کرائے گی۔ریاض احمد میمن کو ٹریڈ کارپوریشن کا نیاایم ڈی تعینات کیا گیا ہے۔کابینہ اجلاس میں لبرٹی ایئر لمیٹڈ ایک نئی ایئرلائن ہے جس کو لائسنس جاری کیا گیا ہے۔احمد نواز سکھیرا کو بورڈ آف انوسمنٹ کا نیا سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ایس ای سی پی کا بھی نیا بورڈبنایا گیا ہے جس کے ارکان کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ایف بی آر سے پالیسی بنانے کا اختیار واپس لے لیا گیا ہے جو ایک بڑا مطالبہ تھا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے دورہ چین سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ ان کا دورہ نہایت کامیاب رہا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔اس کی تفصیلات کچھ دنوں میں سامنے آئیں گی۔اس سے پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن سے متعلق مسائل حل ہوں گے۔آئی ایم ایف کا وفد پاکستان آیا ہے اور وزیر خزانہ اسد عمر ان کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔برطانیہ اور پاکستان کے مابین قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ بھی سائن کیا گیا ہے ۔ جو لوگ قید میں ان کو دونوں ممالک کے مابین منتقل کیا جا سکے گا۔گزشتہ روز اخبارات میں آسیہ بی بی کے حوالے سے نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا اور اپنی طرف سے بے بنیاد خبریں گھڑی گئیں کہ غیر ملکی سفیر آسیہ کو بیرون ملک لیکر جا رہا ہے۔پاکستان ایک خود مختار ملک ہے کوئی بھی سفیر ہم سے مطالبات نہیں کرسکتا۔غیر ذمہ دارنہ صحافت کا جائزہ لیکر کاروائی کریں گی۔اس پر جان اور مال کا نقصان ہو سکتا تھا جس طرح غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے اندر ہے اور وہ ہی اس کا فیصلہ کرے گی ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -