امن کیلئے بھارت سے مذاکرات تیار ، عا فیہ صدیقی کا معاملہ اہم ہے : شاہ محمود قریشی

امن کیلئے بھارت سے مذاکرات تیار ، عا فیہ صدیقی کا معاملہ اہم ہے : شاہ محمود ...

ملتان (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ اہمیت کا حامل ہے،بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں ‘یہ ہی امن کا واحد راستہ ہے ‘مئی 2019 کے انتخابات تک بھارت سے مذاکرات کی امید نہیں‘ وزیر اعظم کا دورہ چین کامیاب رہا،دہشت گردی کی جنگ کے خاتمے کے لئے صوفی ازم کی تعلیمات پر عمل لازم ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ اہمیت کا حامل ہے‘ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ سے آئندہ ہفتے ملاقات ہوگی ‘ بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں ‘یہ ہی امن کا واحد راستہ ہے ‘مئی 2019 کے انتخابات تک بھارت سے مذاکرات کی امید نہیں‘ وزیر اعظم کا دورہ چین کامیاب رہا‘ مشترکہ اعلامیے کے بعد قیاس آرائیوں کی گنجائش نہیں رہی۔ برآمدات بڑھانے میں بیجنگ کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گے اور دوست ملک کے ساتھ ہماری برآمدات رواں برس دوگنی ہوجائیں گی۔ پاک چین راہداری اقتصادی (سی پیک) پر بہت سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں جبکہ چین کا دورہ بہت مفید رہا ہے جبکہ پاک چین مشترکہ اعلامیے کے بعد قیاس آرائیوں کی گنجائش نہیں رہی۔دریں اثنا جمعرات کو بین الاقوامی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ کے خاتمے کے لئے صوفی ازم کی تعلیمات پر عمل لازم ہے‘ برصغیر میں صوفیاء کرام کا دین کی سربلندی کے لئے اہم کردار ہے‘ بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کا شمار ملک کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے۔ صوفیاء کرام کی درس گاہوں میں دین کے ساتھ دنیاوی تقاضوں کے طریقے بھی سکھائے جاتے تھے۔ مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا اشارہ بھی ہمیں صوفیاء کرام کی تعلیمات سے ملتا ہے۔ آج بھی اگر ہم اپنے مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرلیں تو ہم کارآمد پاکستانی پیدا کرسکتے ہیں۔ بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کا شمار ملک کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے۔ موجودہ وقت میں پاکستان میں اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔ سی پیک پاکستان سمیت خطے کے لئے گیم چینجرہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول