مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے

مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے

  

راولپنڈی (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کی مجلس شوریٰ نے مطالبہ کیاہے کہ حکومت ممتاز عالم دین اور جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔اتنے دن گزرنے کے باوجود قاتلوں کی عدم گرفتاری متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ضلعی دفتر سیدمودودی ؒ بلڈنگ میں امیر ضلع سید عارف شیرازی کی صدارت میں منعقد ہونے والے مجلس شوریٰ کے اجلاس میں منظور کردہ ایک قرارداد میں مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ مولانا سمیع الحق کی شہادت پاکستان کے دینی حلقوں کے لئے بہت بڑا نقصان اور عظیم سانحہ ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مولانا سمیع الحق کی دینی ٗ علمی ٗ سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اتحاد بین المسلمین اور اتحاد اُمت کے لئے ہمیشہ صف اول میں کام کرتے تھے۔پاکستان میں دینی جماعتوں کے اتحاد میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔وطن عزیز میں استحکام اور امن و امان کے لئے سرگرم عمل رہتے تھے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر تعلقات کے لئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے رہتے تھے۔ آخر میں دُعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا سمیع الحق کی مغفرت فرمائے۔ جملہ لواحقین اور پسماندگان کو اس صدمہ پر صبر اور حوصلہ کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -