گورنرسندھ سے یواے ای کے سفیر حماد عبید الزابی کی ملاقات

گورنرسندھ سے یواے ای کے سفیر حماد عبید الزابی کی ملاقات

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پرڈپٹی قونصل جنرل بخیط عتیق الرمیتھی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں پاک متحدہ عرب امارات دوطرفہ تعلقات ، تجارت ،سرمایہ کاری میں اضافے اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاک متحدہ عرب امارا ت دوطرفہ تعلقات احترام اور مذہبی ہم آہنگی پر مبنی ہیں جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں اس ضمن میں سفیر حماد عبید الزابی اہم کردار اد ا کررہے ہیں جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت متحدہ عرب امارات سے تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کی خواہش مند ہے ، دوطرفہ تجارت کے فروغ اور متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری سے پاک یو اے ای تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں ساز گار ماحول ، اعلیٰ تعلیم یافتہ ، محنتی اور تجربہ کار افرادی قوت اور سرمایہ کاروں کے ساتھ حکومت کا تعاون سرمایہ کاری کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، متحدہ عرب امارا ت کے سرمایہ کار شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کریں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مددا ور معاونت فراہم کرے گی ۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو مستحکم اور خوشحال دیکھنے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں یو اے ای پاکستان سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -