ثقافت کے فروغ کے لئے مختلف میلوں کا انعقاد کیا جائیگا : محمد عاطف خان

ثقافت کے فروغ کے لئے مختلف میلوں کا انعقاد کیا جائیگا : محمد عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت عاطف خان نے کہا ہے کہ سیاحت اور ثقافت دونوں ایسے شعبے ہیں جنہیں ترقی دینے سے نہ صرف آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ صوبے کا ایک مثبت پہلو بھی دنیا کے سامنے پیش ہوگا یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ان دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا میں سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیاحت کے ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان اور ڈائریکٹر کلچر شھباز خان بھی موجود تھے۔سینئر وزیر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے اتھارٹی کے قیام سمیت کئی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اسکے علاوہ وزیراعظم پاکستان کی سربراہی میں ٹاسک فورس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔جو صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کے تعین سمیت تمام اقدامات کی نگرانی کررہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ثقافت کے فروغ کے لئے بھی موجودہ حکومت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔نشتر ہال کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنانے کے علاوہ اضلاع کی سطح پر بھی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جایئنگے۔سینئر وزیر نے کہا کہ ثقافت کے فروغ کے لئے مختلف میلوں کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔