فرانس نے پاکستانی نوجوانوں کے لئے سکالرشپ کا اعلان کردیا، بڑی خوشخبری
پیرس(نیوز ڈیسک)اگر آپ فرانس میں اعلٰی تعلیم حاصل کرنے کا خواب رکھتے ہیں تو اب اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔ حکومت فرانس نے اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند پاکستانی نوجوانوں کیلئے ’’ایفل سکالر شپ‘‘ کا اعلان کر دیا ہے۔
ویب سائٹ ’پرو پاکستانی ‘کے مطابق فرانسیسی سفارتخانے کی جانب سے ایفل سکالر شپ پروگرام کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس سکالر شپ کا اعلان فرانسیسی وزارت یورپ و امورِ خارجہ کی جانب سے کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستانی نوجوان فرانس کی بہترین یونیورسٹیوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔
یہ سکالر شپ اکنامکس ، مینجمنٹ ، قانون و سیاسیات اور انجینئرنگ سائنسز کے شعبوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی لیول کی تعلیم کیلئے دستیاب ہوگا ۔ سکالر شپ کی درخواست دینے کیلئے آن لائن فارم ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 11جنوری 2019ہے، جبکہ منتخب اُمید واروں کی فہرست کا اعلان مارچ 2019 تک کر دیا جائے گا۔ ماسٹرز پروگرام کیلئے درخواست گزار کی عمر زیادہ سے زیادہ 30 سال اور پی ایچ ڈی کیلئے زیادہ سے زیادہ 35 ہونی چاہیے۔