کرتار پور راہداری دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کی ضمانت ہے:سپیکر قومی اسمبلی

کرتار پور راہداری دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کی ضمانت ہے:سپیکر قومی ...
کرتار پور راہداری دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کی ضمانت ہے:سپیکر قومی اسمبلی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کرتارپور راہداری کو کھولنے کے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوے کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ  اسلامی تعلیمات، پاکستان کی بین المذاہب ہم آہنگی کی پالیسی کے فروغ اور پرامن ہمسائیگی کے اصولوں کے مطابق ہے،کرتار پور راہداری کھولنے سے نہ صرف سکھ برادری کو ان کے مقدس مقامات کی زیارات کا موقعہ فراہم ہوگا بلکہ اس سے پاکستان کا پرامن تشخص بھی دنیا میں اجاگر ہوگا۔ کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر اسلام آباد سے جاری بیان میں  اسد قیصر نے کہا کہ کرتارپور  راہداری فراہم کرنا سکھ برادری کی دیرینہ خواہش تھی جسے  وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پورا کر دیا، آئین پاکستان اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور انہیں ہر قسم کی مذہبی عبادات ورسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بابا گرو نانک کے  550 ویں جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک نے ہمیشہ بھائی چارے اور انسان دوستی کا درس دیا اور وہ صحیح معنوں میں امن کے سفیر تھےاور انہوں نے ساری زندگی انسانیت کی فلاح اور امن و آشتی کو فروغ دینے میں صرف کی۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کھول کر وزیر اعظم عمران خان نے جو مثبت اقدام اٹھایا ہے، پوری دنیا اس کی معترف ہے اور امید کی جاتی ہے کہ بھارتی حکومت بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرے گی اور ان سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرے گی۔

مزید : قومی


loading...