شہباز شریف نے اپنے بھائی کو وہاں سے نکال لیا جہاں سے سلیکٹڈ نے ٹی وی اور اے سی اتارنے تھے:سلیمان شہباز
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہاہے کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی کو وہاں سے نکال لیا جہاں سے سلیکٹڈ نے ٹی وی اور اے سی اتارنے تھے۔
تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے بیان میں سلیمان شہباز نے کہا کہ کسی ڈیل اور ڈھیل کی ضرورت نہیں، ہمارے لیے رب کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بھی حمزہ شہباز، شاہد خاقان، مفتاح اسماعیل، رانا ثناء اللہ، سعدرفیق اور یوسف عباس سب جیل میں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ ہوگیا۔نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف اتوار کو قومی پرواز سے لندن جائیں گے۔شریف فیملی کی جانب سے لندن میں 2 ڈاکٹروں سے رابطہ کیا گیا اور ہارلے سٹریٹ کلینک میں پیر کے لیے اپائنٹمنٹ لیا گیا ہے۔دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام 48 گھنٹے میں ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالے جانے کا امکان ہے۔نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزارت داخلہ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی ہے۔اس سے پہلے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا تھا کہ میاں صاحب کی طبیعت پہلے سے زیادہ خراب ہے اور انہیں دنیا میں جہاں بھی ممکن ہو علاج کے لیے جانا چاہیے۔