مدینہ جیسی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، عون عباس

مدینہ جیسی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، عون عباس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے مدینہ جیسی فلاحی ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے پاکستان بیت المال تمام وسائل وموثرپیمانے بروئے کارلارہاہے، محروم وپسماندہ طبقے اورمستحق افراد کی بحالی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بیت المال بلاامتیاز اپنی خدمت اپنے لوگوں کے لئے جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ خدمت ہر دن نئے عزم اور جذبے کے ساتھ مزید بہتر اور جاری رہے گی، وزیر اعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت ملک بھر میں 55 دارلاحساس سنٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں جن میں 5500 سے زائد یتیم بچے زیر کفالت ہیں، رواں مالی سال کے آخر تک ان سنٹرز کی تعداد 100 ہو جائے گی جس میں 10 ہزار یتیم بچے حکومت پاکستان کی مکمل زیر کفالت آجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں خواتین کی 51 فیصد آبادی کو قومی دھارے میں لائے بغیر ملکی ترقی کا خواب ناممکن ہے، خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا، انکو ہنر مند بنانے اور ہر شعبہ زندگی میں جائز مقام دینے سے ہی انکو معاشرے کا فعال رکن بنایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے "وزیراعظم احساس پروگرام" کے تحت پاکستان بیت المال اور گورنمنٹ اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں مستحق طلباء و طالبات میں تعلیمی وظائف کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط،پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پرسوتھک اینڈ آرستھاٹک سائنسز (PIPOS)کے مابین معاہدہ،ضلع باجوڑکے تحصیل ہیڈکوارٹرخارمیں پاکستان تھیلی سیمیاسنٹرکے افتتاح اورتحصیل ہیڈکوارٹرخارہی میں دارالاحساس(یتیم خانہ) کے افتتاح کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یادرہے کہ پاکستان بیت المال معاہدے کے تحت اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاورکے مستحق طلباء وطالبات کے حصول تعلیم کیلئے ایک لاکھ روپے تک سالانہ سکالرشپ فراہم کریگا،پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پرستھوک اینڈ آرستھاٹک سائنسز کیسات معاہدے کے تحت خیبرپختونخواسے تعلق رکھنے والے مستحق معذورافرادکومصنوعی اعضاء کی پیوندکاری کیلئے مکمل مالی معاونت کریگا تاکہ معذورافراد کی بحالی کو ممکن بناکران کومعاشرے کافعال رکن بنایاجاسکے۔منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان بیت المال نے کہاکہ پاکستان بیت المال نے آج باجوڑ میں پانچویں پاکستان تھیلی سیمیا سنٹرکاافتتاح کرکے وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے وژن کوعملی جامہ پہنانے میں اپناکرداراداکردیاہے،باجوڑسے تعلق رکھنے والے تھیلی سیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا مستحق بچوں کومفت علاج اورضروری ادویات اب دہلیز پرفراہم ہونگی۔انہوں نے کہاکہ باجوڑمیں دارالاحساس پروگرام کے تحت باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 4 سے 6 سال تک کے عمر کے 100 یتیم بچوں کو دارلاحساس میں رہائش، خوراک، لباس، اعلی تعلیم و تربیت سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، باجوڑ سے تعلق رکھنے والے مستحق نوجوان ملک بھر کی کسی بھی سرکاری یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے لئے پاکستان بیت المال سے تعلیمی وظائف کے لئے رابطہ کرسکتے ہے، موذی امراض میں مبتلا مستحق افراد کے علاج و معالجہ کے لئے بھی پاکستان بیت المال کے دروازے ہمیشہ خیبر پختونخواہ اور بالخصوص باجوڑ کی عوام کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد پاکستان کے ہر یتیم بچے کی کفالت ریاست پاکستان کریگی۔