قابل اور ایماندار افسر و اہلکارپولیس فورس کا فخر، عارف نواز

قابل اور ایماندار افسر و اہلکارپولیس فورس کا فخر، عارف نواز

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ فرض شناس، قابل اور ایماندار افسران و اہلکارپولیس فورس کا فخر ہیں جن کی ان تھک محنت، قابلیت اور پروفیشنل ازم پوری فورس کیلئے روشن مثال ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی منظور سرور چودھری کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی منظور سرور چودھری ان افسران میں شامل ہیں جنہوں نے دوران سروس ہمیشہ عوامی خدمت اور میرٹ سسٹم کی پاسداری کو شعار بنائے رکھا اوراپنی ہرذمہ داری کو بہترین انداز میں سر انجام دے کر فورس کی عزت و وقار میں اضافے کا باعث بنے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منظور سرور چودھری اپنی سروس کے دوران پنجاب، بلوچستان اور سندھ سمیت جہاں جہاں تعینات رہے وہاں انہوں نے بہترین لیڈرشپ کی مثال قائم کی اور وہ پنجاب کے تین اہم اضلاع لودھراں، بھکر اور مظفر گڑھ میں ڈی پی او جبکہ فیصل آباد میں سی ٹی او بھی تعینات رہے جبکہ ایڈمنسٹریشن، وی وی آئی پی سکیورٹی، سپیشل برانچ، انٹیلی جنس بیورو اور ہائی وے پٹرولنگ سمیت اہم شعبوں کے تجربات کے حامل آفیسر ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ ان کے تجربات پولیس فورس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں ہمارے معاون ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر تقریب میں موجود تمام پولیس افسران نے ایڈیشنل آئی جی منظورسرور چودھری کی پیشہ ورانہ خدمات کو شاندار الفاظ میں خرا ج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ منظور سرور چودھری کا بے داغ کیرئیر پولیس سروس کا حصہ بننے والے نئے افسران کیلئے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے فیلڈ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ انتظامی امور میں بھی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے ایڈیشنل آئی جی منظور سرور چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس سروس میرے لئے ہمیشہ ایک مقدس مشن رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سروس کے دوران اپنی ڈیوٹی کو پوری ایمانداری اورخلوص نیت کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش کی اور اللہ پاک نے ہر امتحان اورمشکل وقت میں مجھے ثابت قدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی محکمہ پولیس کے بہترین امیج، کامیابی اور وقار کے فروغ کیلئے ہمہ وقت حاضرہوں گا۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی آر اینڈ ڈی، کیپٹن(ر) ظفر اقبال، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، احمد لطیف، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس، شاہد حنیف، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، راؤ سردار، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب، ابوبکر خدابخش، کمانڈنٹ پی سی، ایڈیشنل آئی جی کنور شاہ رخ، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، غلام رسول زاہد، سی سی پی او لاہور، بی اے ناصراور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، محمد طاہر رائے کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے ریٹائرڈ ہونے والے ایڈیشنل آئی جی منظور سرور چودھری کوپنجاب پولیس کا یادگاری سوینئربھی پیش کیا۔

مزید : علاقائی


loading...