مریضوں کی سنی گئی!

مریضوں کی سنی گئی!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت اور حکم کے بعد گرینڈ ہیلتھ الائنس نے پنجاب بھر میں ہڑتال ختم کر دی۔آج (جمعہ) سے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور اور اِن ڈور کا بائیکاٹ ختم کر کے سارے اہلکار ڈیوٹی پر آ گئے اور مریضوں نے سُکھ کا سانس لیا ہے، جوگزشتہ قریباً ایک ماہ سے خوار ہو رہے تھے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ پیرا میڈیکل سٹاف بھی مل گیا تھا یوں ایک گرینڈ ہیلتھ الائنس قائم کر کے ہڑتال کی گئی اور سارا عملہ ہی کام بند کر کے سڑکوں پر آ گیا تھا۔لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی تو فاضل عدلت نے اس عمل کو غیر قانونی تصور کیا کہ جس قانون کے تحت ہڑتال کی گئی وہ ابھی مستقل ہی نہیں ہے۔گرینڈ ہیلتھ الائنس والوں کا موقف ہے کہ سرکاری ہسپتال نجی ملکیت میں دیئے جا رہے ہیں،جس کی وجہ سے ڈاکٹروں اور عملہ صحت کا مستقبل غیر محفوظ ہو گیا ہے۔ان ڈاکٹر حضرت اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ہڑتال کو اچھا نہیں جانا گیا کہ یہ پیشہ مقدس اور انسانیت کی خدمت کا ہے،اس کے باوجود ہڑتال جاری تھی جو اب عدالتی حکم پر ختم کی گئی، عدالت نے صوبائی سیکرٹری صحت سے کہا ہے کہ کسی ہڑتالی ملازم کے خلاف تادیبی کارروائی نہ کی جائے۔عدلیہ کی مداخلت سے مریضوں کی پریشانی ختم ہوئی، توقع کرنا چاہئے کہ اب مریضوں کو پریشان نہیں کیا جائے گا اور حکومت بھی سنجیدہ رویہ اختیار کر کے ہڑتالی حضرات کے تحفظات دور کرے گی۔ دراصل جب مسئلہ پیدا ہو اسی وقت ذمہ دار حکام یا حکومت کو مداخلت کر کے سنجیدگی سے مسئلہ حل کرنا چاہئے، ضد نہ کی جائے تو بات چیت کامیاب ہو جاتی ہے۔ گزشتہ راہ صلواۃ آئندہ راہ احتیاط!

مزید :

رائے -اداریہ -