پی ٹی وی کا بحران خوفناک صورتحال اختیار کرگیا‘ برطرف ملازمین خود سوزی پر مجبور
لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلیویژن کارپوریشن میں گزشتہ چند سال سے پیدا ہونے والا بحران کم ہونے کی بجائے خوفناک صورتحال اختیار کرچکا ہے اس وقت وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کی انتظامیہ کے درمیان ایک سال سے چلنے والے تنازعہ کی وجہ سے پانچ کارکنان انتقام اور سیاست کی بھینٹ چڑھ کر جبری طور پر بر طرف کئے جاچکے ہیں برطرف کئے جانے والے کارکنان نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کو بحال نہ کیا گیا تو وہ پیر کے روز خود سوزی کرلیں گے۔کارکنان کا کہنا ہے کہ خلاف قانون بنائے جانے والے پی ٹی وی کے چیئرمین ارشد خان،غیر قانونی ببورڈ اور ناہل، جعلی ڈگری کے حامل ڈائریکٹر فنانس وسیم پرویز قومی چینل کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔وسیم پرویز کے حوالے سے سیکرٹری انفارمیشن نے متنبہ کیا تھا کہ ان کو ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد دوبارہ ڈائریکٹر فنانس مت بنائیں یہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے تناظر میں ایسی تقرری غیر قانونی ہے۔کارکنان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان چیئر مین ارشد خان کی من مانیوں کا فوری نوٹس لیں ورنہ پی ٹی وی کو بی بی سی بنانے کا ان خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوسکے گا اور ہمارا عظیم قومی چینل باہمی چپقلش اورسیاست کی بھینٹ چڑھ کر ماضی کا قصّہ بن جائے گا۔پی ٹی وی کے کارکنان کی اکثریت جبری برطرفیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔یاد رہے کہ اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرنے پر ارشد خان نے ذاتی رنجش کی بنا پرلوئر گریڈ کے کئی ملازمین برطرف کردیا تھا جس کے بعد معاملات بگاڑ کی جانب مڑ گئے ہیں۔گزشتہ دنوں بھی 12ملازمین کے خلاف انکوائری کمیٹی بنائی گئی تھی لیکن اس کمیٹی نے یہ کہہ کر انکوائری کرنے سے انکار کردیا تھا کہ ہم کسی سیاست اور انتقام کا حصّہ نہیں بنیں گے۔