پنجاب حکومت کا زرعی گریجویٹس کیلئے انٹر شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ 

پنجاب حکومت کا زرعی گریجویٹس کیلئے انٹر شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ زرعی گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، 20کروڑروپے سے 130 زرعی گریجویٹس کو تربیت دی جائے گی اوریہ پروگرام ہر سال جاری رہے گا، پنجاب میں فلوری کلچر کے فروغ کیلئے نیا پروگرام شروع کیاجائے گااوراس پروگرام پر تقریباً 40کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔اجلاس میں شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ  لینے کیساتھ ساتھ ٹڈی دل کے حملے سے فصلو ں کو بچانے کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب زرعی صوبہ ہے،زراعت کی ترقی سے معیشت مضبوط ہوگی،کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ پہلے بھی کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔۔ وزیراعلیٰ نے بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر کے علاقوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ فصلوں کی کاشت کے حوالے سے موسمیاتی تغیرات کو مدنظررکھنا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ادارہ جاتی میکانزم تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ریسرچ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور زرعی ریسرچ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کیلئے جامع اقدامات کیے جائیں۔ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ ایک دوسرے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجراء میں مزیدتاخیرقطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ باتیں نہیں، اب کام کرنا ہوگا،محکمانہ کارروائی میں مزید وقت ضائع نہ کیا جائے۔قواعد و ضوابط کے تحت فوری اقدامات کیے جائیں اورنمبر پلیٹس کے اجراء کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میں کسی بھی روزفریدکورٹ ہاؤس میں ایکسائز آفس کا اچانک دورہ کروں گااوراضلاع میں بھی ایکسائز دفاتر کے اچانک دورے کیے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کیلئے ڈی وی آر ایس سسٹم کو جلد از جلد فعال کیا جائے اورپراپرٹی ٹیکس کے نفاذ اوروصولی کا بہتر میکانزم وضع کیا جائے۔اجلاس میں ای ٹال ٹیکس سسٹم کے نفاذ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میاں چنوں پر فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی،وزیراعلیٰ نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلدگرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجہ میں ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میاں چنوں ڈاکٹر اشعر مسعود کے جاں بحق ہونے پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خانیوال کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیرت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی مسافروں کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور انتظامی افسران زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی خود نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سے امرتسر سے آنے والے سکھ رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سردار مہندرپال سنگھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔امرتسر کے سکھ رہنماؤں کے وفد نے ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی پراجیکٹ پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امرتسر سے آنیوالے سکھ رہنماؤں کو با باگرونانک یونیورسٹی کے پراجیکٹ کے بارے میں آگاہ کیا-سکھ رہنماؤں کے وفد میں بکرم جیت سنگھ لاٹی، چرن جیت سنگھ،بلجیت سنگھ، ہرپریت سنگھ او ردیگر شامل تھے۔
سردار عثمان بزدار
 

مزید :

صفحہ اول -