گلو بل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر کام کی ضرورت ہے: عارف علوی
اسلام آباد(آن لائن)قدرتی ماحول کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے گلوبل وارمنگ کے خطرے سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ماحول کے تحفظ کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قدرتی ماحول کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ ساتویں انٹرنیشنل یونین کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی آبادی میں پیداواری صلاحیتوں کے تناسب سے اضافے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی ضروریات میں صرف خوراک ہی نہیں بلکہ دیگر سہولیات بھی شامل ہیں اس لئے طلب اور رسد میں توازن بہت ضروری ہے۔ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ ان تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کی سمندری حدود میں 60 سے 70فیصد تک مچھلیاں ختم ہو چکیں ہیں جو قابل تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تحفظ کے ذریعے مچھلیوں کی پیداوار اور افزائش نسل میں اضافہ کرنا چاہئے۔
عارف علوی