مزدوروں کیلئے مکانات کی فراہمی کا طریقہ شفاف بنایا جائے: سعید غنی

    مزدوروں کیلئے مکانات کی فراہمی کا طریقہ شفاف بنایا جائے: سعید غنی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ورکر ویلفئیر بورڈ محکمہ محنت کے تحت صوبے بھر میں مزدوروں کے لئے تعمیر کئے گئے فلیٹس اور مکانات کی فراہمی کے لئے صاف و شفاف طریقہ اپنایا جائے اور صوبے بھر میں تیار 4242 فلیٹس اور مکانات کی الاٹمنٹ کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ مزدوروں اور محنت کشوں کو شادی مدد، ڈیتھ گرانٹ اور اسکالرشپ کے حوالے سے بھی ایسی پالیسی فوری طور پر ترتیب دی جائے کہ ضرورت مندوں کو فوری طور پر اس کے فوائد حاصل ہوسکیں۔ ورکر ویلفیئر بورڈ کے تحت چلنے والے پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے اور اساتذہ کو پرموشن دینے کے حوالے سے ایسی پالیسی مرتب کی جائے تاکہ ان کے مسائل بی حل کئے جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محنت عبدالرشید سولنگی، سیکریٹری ورکر ویلفئیر بورڈ محمد بچل راہو پوٹو، شہلا کاشف، احتشام میو، مظفر شاہ، میڈم نزہت حبیب، رفیق چنا اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سعید غنی کو ورکر ویلفئیر بورڈ کے تحت صوبے بھر میں لیبر کالونیوں اور فلیٹس اور مکانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ لیبر کالونی حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد کے کچھ فلیٹس اور مکانات پر 2010 میں سیلاب کے بعدوہاں سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری ریلیف کے لئے رہائش فراہم کی گئی تھی تاہم اب تک ان متاثرین نے ان فلیٹس اور مکانات سے قبضہ ختم نہیں کیا ہے جبکہ صوبے بھر میں دیگر اضلاع میں قائم لیبر کالونیوں میں تمام قابضین سے مکانات کو خالی کرالیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کوٹری میں 512،سکھر میں 1024، نوری آباد میں 192، شہید بینظیرآباد میں 512 جبکہ لاڑکانہ میں 96 فلیٹس جبکہ رانی پور میں 100 اور جیکب آباد میں 74 مکانات مکمل طور پر تیار ہیں اور ان سب کی مجموعی تعداد 4242 ہے اور یہ تمام الاٹمنٹ کے لئے مکمل تیار ہیں جبکہ کوٹری میں 1500 فلیٹس کی تعمیر کے لئے ورک آرڈر جاری کردیا گیا ہے اور مزید 3 لیبر کالونیوں کے حوالے سے کام جاری ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ 4242 فلیٹس اور مکانات کی الاٹمنٹ کو صاف اور شفاف بنانے اور ان کی فراہمی کے لئے اب تک جو درخواستیں مزدوروں اور محنت کشوں کی جانب سے جمع کرائی گئی ہیں اور بقیہ کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں اور ان تمام کی اسکرونٹی کرکے فلیٹس اور مکانات کی الاٹمنٹ جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی روٹی، کپڑا اور مکان کے منشور پر کارفرما ہے اور ہم جب بھی حکومت آئے ہیں ہم نے مزدوروں کی رہائش کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی لیبر کالونیوں کی تعمیر کے حوالے سے بھی تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور جو لیبر کالونی ہیں ان میں درپیش مسائل کو بھی حل کیا جائے۔

مزید : صفحہ اول


loading...