سندھ اسمبلی،باباگرو نانک کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ منظور

سندھ اسمبلی،باباگرو نانک کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ منظور

  



کراچی (این این آئی)سندھ اسمبلی نے باباشری گرو نانک کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے جنم دن پر مبارکباد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قراردادجی ڈی اے کے رکن نند کمار گوکلانی نے پیش کی تھی جس کی حمایت ایوان میں موجود تمام پارلیمانی گروپوں نے کی۔نند کمار نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ باباگرونانک نے امن وآشتی کا پیغام دیا۔ ایم کیوایم کی خاتون رکن منگلا شرما نے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر یاتریوں کیلئے تاریخی کام کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن دیوان سچل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتاپورراہداری کھول کر تاریخ رقم کردی ہے۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہونے دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو باباگرونانک کے جنم دن پر مبارکباد پیش کی بعدازاں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔سندھ اسمبلی نے پراونشل موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2019 ء بھی متفقہ طور پرمنظور کر لیا جس کے تحت سماعت سے محروم افراد بھی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ایسے افراد سے لائسنس فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی اور خصوصی افراد سے ایسا ٹریفک پولیس افسر ڈارئیونگ ٹیسٹ لے گا جو خود بھی اشاروں کی زبان سمجھتا ہو، سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ کرتے وقت گاڑی میں مخصوص شیشہ اور مخصوص ڈیوائس لگانا ہوگی جن کی مدد سے انہیں ہارن،ایمبولینس سائرن کے بارے میں پتہ چل سکے گا۔سندھ اسمبلی میں اس بل کی منظوری کے وقت سماعت سے محروم افراد اور ان کی تنظیم کے نمائندہ لوگ بھی موجود تھے۔ جبکہ سندھ اسمبلی میں یک اورنئی تاریخ رقم کردی گئی،خصوصی افراد کیلئے اشاروں کی زبان میں بات کرنیوالی ایک خاتون کو ایوان میں آنے کی خصوصی طورپر اجازت دی گئی۔وزیر پارلیمانی امور مکیش چاولہ نے سائن لینگویج کے حامل فرد کو ایوان میں آنے کے لئے ایک تحریک پیش کی تھی جس کی ایوان میں موجود تمام ارکان نے حمایت کی، مہمانوں کی گیلری میں موجود خصوصی افراد نے تحریک پر شکریہ ادا کیا۔ اشاروں کی زبان میں بات کرنے کیلئے خاتون مہرین کو بلوایاگیا جو سپیکر کی نشست کے ساتھ کھڑی ہوئیں اور انہوں نے خصوصی افراد کوسندھ اسمبلی کارروائی کے بارے میں شاروں کی زبان میں بتایا۔قائد حزب اختلاف کی جاب سے یہ ترمیم بھی پیش کی گئی کہ خصوصی افراد کا ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ لینے والا فرد اشاروں کی زبان جانتاہوگاان کی یہ ترمیم اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

سندھ اسمبلی

مزید : صفحہ آخر


loading...