”ہم جیت نہیں سکتے ،جب تک ٹی ٹوئنٹی میچز میں اتنے رنز نہیں بنائیں گے“آسٹریلیا سے سیریز ہارنے کے بعد مصباح الحق پھٹ پڑے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ جب تک ٹی 20 کرکٹ میں 180 رنز نہیں کریں گے تو جیتیں گے کیسے؟۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں صرف 2 بیٹسمینوں نے پرفارم کیا، باقی کھلاڑی اپنا حصہ نہیں ڈال سکے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ افتخار احمد نے مثبت انداز میں کرکٹ کھیلی جبکہ موسیٰ خان نے اچھی پیس کے ساتھ بولنگ کی۔انہوں نے مزید کہا کہ گرین شرٹس کو تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں بہتری کی ضرورت ہے، فٹنس اور ڈسپلن پر کام کرنا ہے۔مصباح الحق نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا اور ہماری فیلڈنگ میں واضح فرق ہے، ٹیسٹ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں، امید ہے اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ میں شامل 10 کھلاڑی وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں، جن میں عثمان قادر بھی شامل ہیں جو بغیر کھیلے وطن لوٹ رہے ہیں۔