بھارت کے مرکزی بینک کا شرح سود میں کمی کا اعلان
ممبئی(این این آئی) بھارت کے مرکزی بینک نے شرح سود میں کمی کا اعلان کردیا جس کے بعد سود کی شرح 6 سال کی کم ترین سطح پر چلی گئی ہے۔بھارتی ذرائع کے مطابق قبل ازیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ بھارت مالی سال کے دوران ترقی کی شرح برقرار رکھے گا۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے نئے مقرر کردہ گورنر ارجیت پٹیل نے گزشتہ روز بتایا کہ کمرشل بینکوں کو قرضوں پر سود کی شرح میں 25 بیسس پوائنٹ کی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد یہ شرح 6.25 فیصد ہو گئی ہے۔بھارتی اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا کا یہ اقدام مودی کی حکومت کیلئے خوش آئند ثابت ہو سکتا ہے۔