اہل بیت و دیگر صحابہ سے محبت اسلام کا اہم جزو ہے،عبدالغفار روپڑی

اہل بیت و دیگر صحابہ سے محبت اسلام کا اہم جزو ہے،عبدالغفار روپڑی

لاہور(پ ر) اہل بیت و دیگر صحابہ سے محبت اور احترام اسلام کا اہم ترین جزو ہے۔ سیرت صحابہؓ ہمارے لیے مشعل راہ اور بہترین نمونہ ہے۔ ماہِ محرم کی حرمت کو مد نظر رکھتے ہوئے امن و امان کی فضا کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفا رروپڑی نے گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگرا ں لاہور میں تنظیمی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے۔ جو امن و سلامتی کا درس دیتا اور جنگ و قتال سے پرہیز کا متقاضی ہے۔ محرم الحرام میں مختلف رسومات اور بدعات سے بچتے ہوئے یوم عاشورا کے روزے رکھنے کے علاوہ دیگر مسنون اعمال کے ذریعے اللہ کی رضا حاصل کی جائے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرستی جیسے سنگین مسائل کے باعث وطن عزیز اب تک ناقابل تلافی نقصان اٹھا چکا ہے اور ایسے ناسور کا مزید متحمل نہیں۔۔

مزید : میٹروپولیٹن 1