نثارحویلی کے جلوس کے روٹ پر270سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے

نثارحویلی کے جلوس کے روٹ پر270سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے

لا ہور(کرا ئم ر پو رٹر ) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران نثار حویلی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹ پر 270 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی۔ محرم الحرام کے دوران اہلکاروں کی ڈیوٹی شفٹوں میں لگائی گئی ہے اور لاہور پولیس امن وامان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تمام ڈویژنل ایس پیز نے خصوصی مشقیں کیں جن میں امام بارگاہ یا کھلے مقام پر دہشت گردوں کی کارروائی کو ناکام بنانے اور زخمیوں کو طبی امداد دینے کی عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ خصوصی مشقوں میں پولیس اہلکاروں ، ڈولفن سکواڈ کے جوانوں، اسپیشل برانچ،ریسکیو1122، بم ڈسپوزل سکواڈ و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ محرم الحرام کے دوران اپنی اور دوسروں کی حفاظت کی خاطر پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔پولیس دہشت گردوں کیخلاف جنگ شہریوں کی مدد کے بغیر نہیں جیت سکتی۔ اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس پہن رکھی تھیں اور ریسکیو1122 کے جوانوں نے دہشت گردی کے دوران ڈیوٹی پر مامور زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دینے کا عملی مظاہر ہ کیا۔ایس پی سول لائنز علی رضا نے جین مندر چوک پر واقع امام بارگاہ خیمہ سادات میں خصوصی مشقوں کی سربراہی کی اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی اور اہلکاروں کوابتدائی طبی امداد دینے کی آگاہی دی۔ ایس پی صدر رضوان عمر گوندل اور اے ایس پی چوہنگ محمد عثمان طارق نے جوہر ٹاؤن کے علاقہ میں اِدارہ منہاج الحسین کے سامنے ہونے والی خصوصی مشقوں کی سربراہی کی اور اہلکاروں کو دہشت گردی سے نمٹنے کی خصوصی تربیت کروائی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسماعیل کھاڑک نے حالی روڈ گلبرگ کے علاقہ میں امام بارگاہ محمدیہ میں خصوصی مشقوں کی سربراہی کی اور اہلکاروں کو دہشت گردی سے نمٹنے کے خصوصی تربیت کروائی۔ ایس پی اقبال ٹاؤن عادل میمن نے وحدت روڈ پر امام بارگاہ گلشنِ زہرہ میں خصوصی مشقوں کی سربراہی کی اوراہلکاروں کو دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے اور عوام کو ریسکیو کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔اسی طرح ایس پی کینٹ عبادت نثار نے باٹا پور کے علاقہ میں امام بارگاہ قصرِ زینب میں خصوصی مشقوں کی سربراہی کی اور اہلکاروں کودہشت گردوں سے مقابلہ کرنے اور اپنے دفاع سمیت شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔

مزید : علاقائی