آصف زرداری کاغیرت کے نام پر قتل اور انسداد زنا بالجبر قوانین کی منظوری کا خیرمقدم

آصف زرداری کاغیرت کے نام پر قتل اور انسداد زنا بالجبر قوانین کی منظوری کا ...

اسلام آباد(آئی این پی)سابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کی جانب سے متفقہ طور پر غیرت کے نام پر قتل اور انسداد زنا بالجبر قوانین منظور کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے غیرت کے نام پر قتل کے مجرم کو معاف کردینے اور زنا بالجبر کے ملزم کو عدالتوں سے آسانی سے چھوڑ جانے کے راستے بند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7اکتوبر بروز جمعہ کو یاد رکھا جائے گا کیونکہ اس روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں یہ دونوں بل منظور ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اپنا کام کر دیا ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان قوانین پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون عملدرآمد ہی سے اچھا ہوتا ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سابق صدر نے پارلیمنٹ کی تمام سیاسی پارٹیوں کے تمام اراکین اور حکومت کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے خوشی منانے کا موقع اس لئے بھی زیادہ ہے کہ یہ دونوں بل پاکستان پیپلزپارٹی کے قانون سازوں نے تیار کئے اور انہیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا۔

مزید : صفحہ اول