کبڈی ورلڈکپ، جنوبی کوریا کے ہاتھوں بھارت کے غرور کا سرنیچا

کبڈی ورلڈکپ، جنوبی کوریا کے ہاتھوں بھارت کے غرور کا سرنیچا

احمد آباد (آئی این پی )انڈیا کے شہر احمد آباد میں جاری کبڈی ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں اس وقت اپ سیٹ کر دیا جب اس نے فیورٹ انڈیا کو 34۔32 سے شکست دے دی۔ انڈیا نے شروع ہی میں جنوبی کوریا پر برتری حاصل کر لی لیکن وہ اپنی برتری کو برقرار نہ رکھ سکا۔ انڈیا کی شکست پر سٹیڈیم میں مکمل خاموشی طاری ہو گئی۔ میچ میں شکست کے بعد انڈیا کبڈی ٹیم کے کپتان انوپ کمار نے کہا کہ ہمارے ریڈرز اچھا نہیں کھیلے۔ اور ہم نے میچ کے آخری مراحل میں غلطیاں کیں۔ لیکن اب بھی موقع ہے ہمارے پاس اور ہم اپنی غلطیوں کو سدھار کر ورلڈ کپ میں دوبارہ واپس آئیں گے۔ دو ہفتے جاری رہنے والے کبڈی ورلڈ کپ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس ورلڈ کپ میں انڈیا نے پاکستان کو شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی۔ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے صدر دیوراج چترویدی نے کہا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان موجودہ کشیدہ تعلقات کے سبب یہ مناسب نہیں ہوگا کہ پاکستانی کبڈی ٹیم انڈیا آئے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے انڈیا میں منعقد ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شرکت کی اجازت نہ دینے پر سخت مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ معاملہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن میں اٹھائے گی۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد سرور نے کہا کہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا یہ فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی کبڈی ٹیم کے ویزوں کے لیے پہلے ہی انڈیا سے رجوع کیا جا چکا ہے لیکن انڈین وزارت داخلہ نے ابھی تک پاکستانی ٹیم کو کلیئرنس نہیں دی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی