کشمیرعالمی مسئلہ اوربھارتی مظالم انسانی المیہ بن چکے ہیں،اعجازالحق

کشمیرعالمی مسئلہ اوربھارتی مظالم انسانی المیہ بن چکے ہیں،اعجازالحق

ڈاہرانوالہ(نامہ نگار)کشمیر کا مسئلہ اب صرف کشمیر کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ پوری دنیا کے لیے ایک مسئلہ بن چکا ہے ۔اگر دنیا نے اس مسئلے کے حل کی طرف توجہ نہ دی تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں پر اب مزید ظلم و ستم برداشت نہیں کر سکتا۔پوری دنیا مسئلہ کشمیر کا حل چاہتی ہے۔بھارت کے ظلم و ستم کی وجہ سے کشمیر میں ایک بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔کشمیریوں کی جد و جہدِ آزادی اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ظلم کا کلیہ ہی یہی ہے کہ جب وہ حد سے بڑھتا ہے تو آخر کار مٹ جاتا ہے۔اب وہ دن دور نہیں جب کشمیری مسلمان بھارت کے چنگل سے آزاد ہوں گے۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر ہم یورپی ممالک کے دورے پر ہیں اور ہم دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف مبذول کروانے کے لیے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ضیاء) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر،ممبر قومی اسمبلی و کشمیر کمیٹی کے سرگرم رکن محمد اعجاز الحق نے کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔بھارت کیا سمجھتا ہے کہ وہ پاکستانی سرحد وں پر فوج تعینات کر کے پاکستان کو ڈرا دھمکا کے کشمیر سے توجہ ہٹوا لے گا۔بھارت یہ جان لے کہ پاکستانی فوج کا ہر سپاہی جذبہء شہادت سے سر شار ہے۔اور قوم کا بچہ بچہ پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔لیکن ہم کشمیر کے مسئلے کا پر امن حل چاہتے ہیں۔اگر ہم پر زبر دستی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو پوری قوت سے اسکا جواب دیا جائے گا۔

اعجازالحق

مزید : صفحہ آخر