مستقبل معاشی دہشتگردوں کے سپردنہیں ہونے دیں گے،جہانگیرترین
بورے والا(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر خاں ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی جو تحریک شروع کی ہے وہ ہر صورت منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے،کرپشن اور مک مکا کی سیاست نے ملک کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے خطرناک صورتحال سے دو چار کر رکھاہے،اب قوم کو30اکتوبر کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ملک کوکرپٹ مافیا سے نجات دلانا چاہتے ہیں یا آئندہ آنے والی نسلوں کا مستقبل معاشی دہشت گردوں کے سپرد کرنا چاہتے ہیں،عمران خان اس وقت ملک کی واحد سیاسی شخصیت ہیں جو ملک و قوم کو کرپشن کی اس دلدل سے نکالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور30اکتوبر اسلام آباد کی کال کے بعد ملکی سیاست میں کرپشن کو تحفظ فراہم کرنے والے چہرے بھی یکجا ہو کر قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں اگر آج قوم نے عمران خان کی آواز پر لبیک نہ کہا تو آئندہ آنے والی نسلیں اسی کرپشن زدہ فرسودہ نظام کی بھینٹ چڑھتی رہیں گی ،پی ٹی آئی کے کارکنان رائے ونڈ مارچ کی طرح اسلام آباد پہنچیں گے اور یہ فیصلہ کن راؤنڈ ہو گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لودھراں میں پی ٹی آئی سٹی بورے والا کے صدر ملک فاروق احمد اعوان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں تحصیل صدر چوہدری طارق محمود باجوہ،جنرل سیکرٹری چوہدری اعجاز اسلم،کونسلر بلدیہ بورے والا غلام مصطفےٰ بھٹی اور چوہدری شکیل حشمت شامل تھے جبکہ اس موقع پر ضلعی صدر لودھراں ملک شیر اعوان،سابق ایم پی اے رانا اعجاز نون اور ممتاز خاں جوئیہ بھی موجود تھے۔