حکمران بجٹ کا زیادہ تر حصہ غیر ترقیاتی کاموں پر خرچ کررہے ہیں ، ریاست کے ملازمین زندگی کی بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں

حکمران بجٹ کا زیادہ تر حصہ غیر ترقیاتی کاموں پر خرچ کررہے ہیں ، ریاست کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا) پنجاب سندھ اور خیبر پختونخواکے 25 رکنی نمائندہ وفد نے حاجی محمد ارشاد صدر ایپکا پنجاب کی قیادت میں منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں کلرکس اور چھوٹے سرکاری ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کلرکس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کو تعلیم ،صحت ،انصاف ،روز گار اور چھت کی سہولت دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے ۔حکمران بجٹ کا زیادہ تر حصہ غیر ترقیاتی کاموں پر خرچ کررہے ہیں جبکہ ریاست کے ملازمین زندگی کی بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت انسانی زندگی کے انتہائی اہم شعبے ہیں ان پر بجٹ کا صرف تین فیصد خرچ کیا جارہا ہے جبکہ حکمران اپنی سیکیورٹی پر سالانہ7ارب روپے سے زیادہ خرچ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں عادلانہ اور مساوات پر مبنی نظام چاہتی ہے جس میں عام آدمی کو بھی زندگی گزارنے کی وہی سہولتیں دستیاب ہوں جو حکمران طبقہ کو حاصل ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کلرکس ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ریاست کے ملازم ہیں کسی فرد کے نہیں ۔اگر کوئی حکومتی نمائندہ انہیں غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کیلئے تنگ کرتا ہے یا دھونس اور جبر سے اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا ہے جو قومی مفاد کے خلاف ہوں تو ایسے احکامات ماننے سے صاف انکار کردیں اور ہر چیز پر قومی مفاد کو مقدم رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کوکی قوتوں نے ریاست ،سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔تما م اداروں پر طبقہ اشرافیہ کا تسلط ہے ،جاگیر داروں اور سرمایہ داروں نے مزدوروں اور کسانوں کا استحصال کیا ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ عوام 70سال سے اقتدار کے ایوانوں پر قابض کرپٹ اور بدیانت ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں تاکہ قومی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کارخانوں کی پیداوار میں مزدوروں اور جاگیروں کی آمدن میں کاشتکاروں کو حصہ دار بنا نا چاہتے ہیں تاکہ ایک مزدور اور کسان جو ملک و قوم کیلئے اپنا خون پسینہ ایک کرتا اور محنت و مشقت اٹھاتا ہے اسے بھی پیٹ بھر کر کھانا نصیب ہو،اس کے بچوں کو بھی تعلیم اور صحت کی سہولتیں مل سکیں اوروہ بھی زندگی کا کوئی لمحہ سکون اور آرام سے گزار سکے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکرمزدور کی کم سے کم تنخواہ تیس ہزار روپے کرے گی اور پانچ بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں سب سڈی دے گی ،پانچ بڑی بیماریوں کا علاج سرکاری ہسپتالوں میں مفت ہوگا اور بچوں اور بوڑھوں کو گزارہ الاؤنس دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے انہوں نے کہا کہ شریعت کے نفاذ میں ہی تمام مسائل کا حل ہے ۔
سراج الحق