ہنگو ،محرم الحرام ،سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات ،داخلی وخارجی راستوں پر فورسز تعینات

ہنگو ،محرم الحرام ،سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات ،داخلی وخارجی راستوں پر ...

ہنگو(بیورورپورٹ)محرم الحرام ۔سیکورٹی کے سخت انتظامات۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر فورسز تعینات ۔حساس ترین مقامات پاک فوج کے حوالے۔پہاڑی چوٹیوں پر سیکورٹی فورسز جبکہ شہر میں پولیس اور ایف سی سمیت سیکورٹی فورسز کے دستوں کا گشت۔کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس کرنل منیر کا ہنگو کا دورہ۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے دوران ہنگو کو انتہائی حساس ترین علاقہ قرار دینے کے بعد امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے سخت سیکورٹی انتظامات کے تحت دفعہ 144کے نفاذ کے ساتھ ساتھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پوسٹیں اور ناکہ بندیاں قائم کر کے سیکورٹی سخت کر دی گئی ہیں ۔پہاڑی چوٹیوں پر فورسز تعینات کرنے سمیت شہر میں امام بارگاہوں اور مساجدوں پر بھی سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔جگہ جگہ ناکہ بندیوں پر سخت تلاشی اور مشکوک افراد اور گاڑیوں کی بھی کھڑی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے ۔جبکہ شہر میں سیکورٹی فورسز ،پولیس کے دستے پٹرولنگ کرتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیتے نظر آئے ہیں۔ادھر کمانڈنٹ فرنٹیئر کورٹل سکاؤٹس کرنل منیر نے دورہ کے موقع پر ڈی سی آفس ہنگو میں ضلعی انتظامیہ کے افسران سے محرم الحرام میں قیام امن اور سیکورٹی صورتحال کے بارے جائزہ لیا ۔ڈی سی ہنگو احسان اللہ،ڈی پی او ہنگو شاہ نظر،کرنل گوہر اور سرکاری محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔کمانڈنٹ ایف سی ٹل سکاؤٹس کرنل منیر نے ضلعی انتظامیہ کا قائم کردہ ایمر جنسی کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ہنگو احسان اللہ محرم الحرام کے حوالے سے سرکاری محکموں کو سونپی گئی فرائض سمیت امن و امان کی صورتحال کے بارے میں اگاہ کیا۔ کرنل منیر نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن اولین ترجیح ہے اور محرم الحرام میں باہمی ہم آہنگی اور اخوت بھائی چارے سے سازشی عناصر کی حوصلہ شکنی کو ہر صورت میں یقینی بنا کر کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی ۔دریں اثناء سرکاری محکموں کے افسران نے محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں ضلعی انتظامیہ اور افسران کو اگاہ کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول