گنے کا ریٹ 182 روپے فی من ریٹ مقررکردیا ہے ، سہیل انور سیال

گنے کا ریٹ 182 روپے فی من ریٹ مقررکردیا ہے ، سہیل انور سیال

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) صوبائی وزیر زراعت سہیل انور سیال نے اپنے دفتر میں شوگر ملز مالکان اور گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ گنے کی کرشنگ اور گنے کے نرخوں کے تعین کے حوالے سے کامیاب اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گنے کی گرشنگ کا آغاز مورخہ 15نومبر سے کیا جارہا ہے اور گنے کے فی من ریٹ 182 رواں سیزن کے لیئے باہمی مشاورت سے مقرر کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ آبادگار بورڈ اور شوگر ملز مالکان ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے گنے کی کرشنگ اور نرخوں کے مقرر کیئے جانے کے فیصلے پر اپنے اطمینان اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی خصوصی ہدایات پر گنے کے کاشتکاروں اور شوگرملز مالکان کے دیرینہ مسئلے کو نہایت خوش اسلوبی اور دوستانہ ماحول میں نا صرف حل کیا گیا بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہر سال گنے کے نرخوں اور کرشنگ کے حوالے سے تمام تر تحفظات بھی دور کردیئے گئے ہیں۔اس موقع پر اسٹیک ہولڈرز نے مذکورہ فیصلے پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف کسی بھی عدالت میں اپیل داخل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ تنازعہ / شکایات کے ازالوں کے لیئے پہلے ہی سے مقرر کردہ کین کمشنرز کو بھی خصوصی احکامات جاری کردیئے ہیں۔سہیل انور سیال نے کہا کہ پاکستان میں شعبہ زراعت کو ایک صنعت کی حیثیت حاصل ہے اور پیپلز پارٹی کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ شعبہ زراعت میں کاشتکار,کسان ودیگر ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں انکی خوشحالی سے ہی ملک اور عوام کی خوشحالی ہے. پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں دیگر اہم شعبوں کے ساتھ ساتھ زراعت پر بھی خصوصی توجہ دی ہے اور اپنے فیصلوں میں باالخصوص کاشتکاروں کے مفاد کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی اسکا تسلسل جاری رہیگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر