عبدالولی خان یونیورسٹی تیزی سے ترقی کے منازل طے کئے، ڈاکٹر احسان علی

عبدالولی خان یونیورسٹی تیزی سے ترقی کے منازل طے کئے، ڈاکٹر احسان علی

مردان(بیورورپورٹ)عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں سر انجام خان زمینداروائیلڈ لائف پارک کے افتتاح کے سلسلے میں خصوصی تقریب ہوئی۔وائلڈ لائف پارک کے قیام کے لئے پاکستان مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سر انجام خان زمیندار نے ایک کروڑ روپے کے عطیہ کا چیک وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی کے حوالے کیا۔وائلڈلائف پارک میں مختلف نسلوں کے اعلیٰ پرندے اور جانور وں کے علاوہ جدید ترین فش ہیچری بھی بنائی گئی ہے ۔اس سلسلے میں یونیورسٹی میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سرانجام خان زمیندار مہمان خصوصی تھے جبکہ صدرات وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی نے کی ۔تقریب سے سابق صوبائی وزیر عبدالسبحان خان نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض شعبہ صحافت کے چئیرمین شیراز پراچہ نے کی ۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی نے کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی نے قلیل عرصے میں تیزی سے ترقی کی اور اللہ کے فضل وکرم سے صرف سات سال کے عرصے میں ایچ ای سی رینکنگ میں یونیورسٹی نے ملکی سطح پر 17 ویں اور صوبائی سطح پر دوسری پوزیشن پر آکر ممتاز مقام حاصل کرلیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا فیز ون چار ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے کے قریب ہے اور فی الوقت یونیورسٹی میں 23 ہزار طلبہ وطالبات کی گنجائش موجود ہے جبکہ فیز ٹو منظوری کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کو ارسال کیا گیا ہے جس کے بعد یہاں 50 ہزار طلبہ وطالبات تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔اُنہوں نے یونیورسٹی کے وایئلڈ لائف پارک کے لیے ایک کروڑ روپے کی خطیر رقم کا عطیہ دینے پر سرانجام خان زمیندار کے قومی جذبے کو سراہا اور کہا کہ خیبر پختونخوا اور مردان کے مخیر افراد سرانجام خان زمیندار کی تقلید کریں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرانجام خان زمیندار نے کہا کہ وہ عبدالولی خان یونیورسٹی کی تیز رفتار ترقی سے بے حد متاثر ہوئے ہیں اور اس کا سہرا بلاشبہ وائس چانسلر ڈاکٹر احسان علی کے سر ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ مردان یوسفزئی پختونوں کی سرزمین ہے جہاں تعلیمی انقلاب اس خطے کی تقدیر بدل دے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کو اللہ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے اور اگر اس صوبے کو اس کا حق دیا گیا تو یہاں کو ئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا ۔سرانجام خان نے کہا کہ مردان میں مخیر افراد کی کمی نہیں اور ان کوغریب طالب علموں کی مدد کے لیے اگے آنا چاہیئے ۔عبدالسبحان خان نے بھی سرانجام خان زمیندار کے قومی جذبے کو سراہا ۔اس موقع پر عبدالسبحان خان ، کرنل (ر) شیر افگن ، رحیم خان باچہ ، طارق انجام خان ، سید عنایت شاہ باچہ ،فرمان الدین بخشالی، شیراز پراچہ اور دیگر نے اپنی جانب سے مستحق طلبہ کے لیے سکالر شپ دینے کا اعلان کیا ۔قبل ازیں سرانجام خان زمیندار اور وائس چانسلر ڈاکٹر احسان علی نے وائیلڈ لائف پارک کا افتتاح کیا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر