اسلا م میں حکمران مطلق العنان نہیں ہوتا،ڈاکٹرفرید احمد پراچہ

اسلا م میں حکمران مطلق العنان نہیں ہوتا،ڈاکٹرفرید احمد پراچہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی( نیوز رپورٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹرفرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اسلامی ریاست کو منہدم کرنے کی کوششوں کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ یزید کی ولی عہدی کے بعد یہ بنیاد ختم ہو رہی تھی۔خلافت ملو کیت اور بادشاہت کی طرف جا رہی تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام راولپنڈ ی پریس کلب میں ماہانہ فیملی تربیتی پروگرام حی علی الفلاح کے شرکا سے شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عنوان پر اظہار خیال کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر پروفیسر حبیب الرحمان عاصم نے میرا گھر ۔ میری جنت کے موضوع پر درس قرآن مجیددیا ۔ جبکہ امیر جماعت اسلا می سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈ ی سید عارف شیرازی اور نائب امیر سید عزیر حامد نے بھی اظہار خیال کیا۔ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ سن ہجری کا اجرا ٗیکم محرم کو خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت اور اس کے بعد سانحہ کربلا ٗ ایک ہی سلسلے کی کڑیاں ہیں ۔اسلا م میں حکمران مطلق العنان نہیں ہوتا۔ وہ شورائیت کے نظام کے ساتھ ریاست کے اُمور کو چلانے کا پابند ہے ۔ اسلامی ریاست میں صدر ٗ وزیر اعظم یا اسمبلی نہیں بلکہ حاکمیت اعلیٰ اللہ کی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں حسب نسب ٗ دولت یا طاقت کی بنیاد پر نہیں بلکہ تقویٰ کی بنیاد پرحکمرانوں کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ خلیفہ وقت اللہ کے دین کے نفاذ اور ایک اسلامی معاشرے کے قیام کے لئے امر با المعروف اور نہی عن المنکرکے کے اصولوں کو لے کر چلتاہے ۔اسلامی ریاست حقیقی معنوں میں ایک ویلفیئر سٹیٹ ہوتی ہے ۔بعض مغربی ممالک نے حضر ت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بنائے ہوئے اصولوں کو اپنے ہاں رائج کرکے ویلفیئر سٹیٹ کا درجہ حاصل کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نکلنا کوئی ذاتی اقتدار کا کھیل نہیں تھا۔اسی لئے وہ کوئی لشکر لے کر نہیں نکلے تھے۔ وہ تو صرف اور صرف ریاست کو بچانے کے لئے نکلے تھے ۔ کوفے والوں نے خود حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خطوط لکھ کر وہاں آنے کی دعوت دی ٗ مگر یزید کی طرف سے لالچ اور ڈرانے دھمکانے کے نتیجے میں اپنے وعدے سے مُکر گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیر سے لے کر فلسطین تک اُمت مسلمہ زخمی زخمی ہے ۔شام ٗ عراق ٗ افغانستان ٗ برما اور بنگلہ دیش میں کرب و بلا کا معرکہ جاری ہے ۔ہر دور کا اپنا ایک یزید ہوتا ہے ۔ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی فوج ناکام ہو چکی ہے ۔ برہان مظفر وانی اور دیگر شہدا ء اپنا حق ادا کر چکے ہیں۔ہر طرف قربانیوں کی لازوال داستا نیں ہیں ۔ ہمارے دشمن کی یہ سازش ہے کہ وہ ہمیں شیعہ ا ور سنی کی بنیاد پر لڑانا چاہتا ہے ۔ہمیں اپنے اتحاد اور یکجہتی کی طاقت سے دشمن کی ان چالوں کو ناکام بنانا ہے ۔