” وِنتا نندا اور میں بہت اچھے دوست تھے لیکن اس کے ساتھ زیادتی میں نے نہیں کی بلکہ ۔۔۔ “ بالی ووڈ کے بابو جی الوک ناتھ نے جنسی زیادتی کے الزامات کے بعد ایسی بات کہہ دی کہ نئی بحث چھڑ گئی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی فلموں کے معروف بابوجی الوک ناتھ نے خود پر لگنے والے جنسی زیادتی کے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس موضوع پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ آج کے معاشرے میں صرف اسی بات کو سنا جاتا ہے جو ایک خاتون نے کہی ہوتی ہے اس لیے معاملے پر بات کرنے کا کوئی فائدہ ہی نہیں ہے۔
بالی ووڈ اداکار الوک ناتھ نے خود پر لگنے والے الزامات کی مکمل طور پر تردید کردی اور انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا ’نہ تو میں وِنتا نندا کے الزامات کی تردید کرتا ہوں اور نہ ہی ان کی تائید کرتا ہوں، وِنتا کے ساتھ جنسی زیادتی ضرور ہوئی ہوگی لیکن یہ کام کسی اور نے کیا ہوگا، میں اس معاملے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا کیونکہ اس سے معاملہ بڑھتا چلا جائے گا‘۔
الوک ناتھ نے مزید کہا کہ ایک وقت میں وِنتا نندا اور میں بہت اچھے دوست تھے لیکن آج اس نے بہت بڑی بات کردی ہے، اگر آپ یوں کہیں کہ وِنتا آج جو بھی ہے اسے میں نے اس مقام تک پہنچایا ہے تو یہ غلط نہ ہوگا۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دور میں اس قسم کے الزامات پر صفائیاں پیش کرنا بے کار ہے کیونکہ آج عورت جو کہتی ہے صرف اسی کو اہمیت دی جاتی ہے، اس لیے اس حوالے سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
الوک ناتھ کا کہنا تھا ’ میں ان لوگوں کا کیا کرسکتا ہوں جو میری امیج کو ہر حال میں خراب کرنا چاہتے ہیں، جو کچھ بھی کہا گیا ہے یہ بالکل واہیات ہے‘۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف رائٹر وِنتا نندا نے ایک طویل فیس بک پوسٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ الوک ناتھ نے 19 سال قبل انہیں ایک سے زائد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ خود کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے باعث ان کا کیریئر ختم ہوگیا اور انہوں نے منشیات کا استعمال بھی شروع کردیا تھا لیکن 19 سال بعد انہوں نے اس موضوع پر اس لیے بات کی ہے کیونکہ انہیں سوشل میڈیا نے اس موضوع پر بات کرنے کی ہمت دی ہے۔