نئے سیکٹرز کو بھی فیصل آباد چیمبر میں نمائندگی دی جائے گی‘ رانا سکندر اعظم

نئے سیکٹرز کو بھی فیصل آباد چیمبر میں نمائندگی دی جائے گی‘ رانا سکندر اعظم

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھر پور کوششیں کر رہا ہے جبکہ اس سال موجودہ شعبوں کی نمائندگی کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ نئے سیکٹرز کو بھی اس چیمبر میں نمائندگی دی جائے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نیگڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً ایک سو سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے 7ہزار افراد اس منتخب ٹریڈ باڈی کے ممبر ہیں جو ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر کی آواز کو مقامی سے لے کر صوبائی اور وفاقی سطح پر انتہائی غور سے سنا جاتا ہے اس لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو چیمبر کی ممبر شپ حاصل کرنا ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر کا ممبر بننے سے آپ کی رسائی سات ہزار ممبران تک ہو گی جس کے ذریعے آپ اپنے کاروبار کو بھی مزید وسعت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر اپنے ممبروں کے مسائل حل کرانے کے علاوہ اُن کی آگاہی کیلئے سیمینار اور ورکشاپس منعقد کرانے کے علاوہ دیگر سہولتیں بھی مہیا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر میں پولیس خدمت مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جہاں آپ کو 10قسم کی مختلف سہولیات مل سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیمبر اپنے ممبروں کو ویزا کے حصول میں مدد کرنے کے علاوہ اس سال آٹھ ملکو ں کو تجارتی وفود بھیجنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ اس طرح ہمارے ممبر اپنے کاروبار کو بین الاقوامی سطح تک بھی توسیع دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کا ممبر بننے کیلئے ٹیکس نمبر رکھنا ضروری ہے اس طرح جہاں ممبران کو سہولتیں ملیں گی وہاں ٹیکس نیٹ میں بھی اضافہ ہوگا اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم چیمبر کی ممبر شپ لیں۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اشفاق پرویز نے اپنے سیکٹر کو درپیش مسئلوں کی نشاندہی کی اور انہیں چیمبر میں مدعو کرنے پر صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے بہت سے گڈز ٹرانسپورٹرز پہلے ہی چیمبر کے ممبر ہیں جبکہ باقی ٹرانسپورٹروں کو بھی چیمبر کی ممبر شپ لینے کی ترغیب دی جائے گی۔ بعد میں اشفاق پرویز کے علاوہ فیصل آباد فٹ وئیر ایسوسی ایشن کے سجادحیدر چیمہ اور پرائیویٹ سکولز الائنس کے چیئرمین صداقت لودھی نے بھی رانا محمد سکندر اعظم خاں سے ملاقات کی اور انہیں صدر بننے پر مبارکباد دی۔

مزید : کامرس /رائے


loading...