پی ایف سی آذر بائیجان میں ”میڈ ان پاکستان“ نمائش میں شرکت کریگی‘ کاشف اشفاق

پی ایف سی آذر بائیجان میں ”میڈ ان پاکستان“ نمائش میں شرکت کریگی‘ کاشف اشفاق

لاہور (آن لائن) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو میں 28 نومبر سے شروع ہونے والی تین روزہ ”میڈ ان پاکستان“ نمائش میں بھرپور شرکت کرے گی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری شخصیات باکو نمائش میں گہری دلچسپی ظاہر کررہی ہیں،اس موقع پر آذر بائیجان کی مارکیٹ میں پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی فروخت کے بڑے امکانات ہیں۔

یہ نمائش آزر بائیجان اور پاکستان کی حکومتوں اور عوام کے درمیان تعلقات کے استحکام کا باعث بنے گی۔میاں کاشف اشفاق جو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین بھی ہیں،نے کہا کہ وہ آزر بائیجان کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو فیصل آباد کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے فرنیچر سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایف سی چین، اٹلی، برطانیہ، ترکی، ہانگ کانگ، بلغاریہ، ڈنمارک اور تھائی لینڈ کے علاوہ آذر بائیجان کے فرنیچر سازوں اور تاجروں کو بھی دعوت نامے بھجوائے گی تاکہ کہ وہ 22 نومبر کو لاہور میں ہونے والی گیارہویں بڑی ”انٹیریئرز پاکستان“ نمائش 2019 ء میں شرکت کریں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے تاہم اس کے لیے مواقع تلاش کرنے ہوں گے۔

میاں کاشف اشفاق نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کا حجم 25 فیصد اضافے کے ساتھ 60 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے، تاہم یہ ناکافی ہے،دونوں ممالک کے درمیان فارما سوٹیکل، پولٹری، ماربل، فرنیچر اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں باہمی تجارت بڑھانے کے لیے وسیع تر مواقع موجود ہیں،اس شراکت داری سے پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ پر مثبت اثرات مرتب اور پاکستان کے نجی شعبے اور ملکی معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستانی فرنیچر کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ وسطی ایشیائی ریاستوں کی منڈیوں پر توجہ دیں، اس سے اعلیٰ معیار کی حامل پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی بیرونی طلب میں اضافہ ہوگا۔#/s#

مزید : کامرس /رائے


loading...