بالآخر فرانس نے رافیل لڑاکا طیارہ بھارت کے حوالے کردیا

بالآخر فرانس نے رافیل لڑاکا طیارہ بھارت کے حوالے کردیا
بالآخر فرانس نے رافیل لڑاکا طیارہ بھارت کے حوالے کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ویب ڈیسک) فرانس نے 36 رافیل جنگی طیاروں میں سے ایک طیارہ بھارت کے حوالے کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق فرانسیسی شہر بورڈوکس کی ائیر بیس پر پہلا رافیل طیارہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حوالے کیا گیا۔اس موقع پر راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ طیاروں کی خریداری دفاعی مقاصد کا حصہ ہے، کسی کے خلاف جارحیت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فروری 2021 تک 18 اور اپریل یا مئی 2022 تک پورے 36 رافیل جنگی طیارے بھارت کے حوالے کر دیے جائیں گے۔خیال رہے کہ بھارت نے فرانس سے 2016 میں 59 ہزار کروڑ روپے کے 36 رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فروری میں پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستان کی برتری کا بلواسطہ اعتراف کیا تھا، ایک تقریب سے خطاب میں ان کاکہنا تھا کہ ’ان دنوں ملک میں بہت شور اٹھ رہا ہے اور ایک سوال اٹھ رہا، رافیل کی کمی پورے ہندوستان نے محسوس کی ہے، اگر ہمارے پاس رافیل طیارہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی‘۔بھارت کی سیاست میں بھی رافیل کا چرچہ رہا ہے اور نریندر مودی پر کرپشن کے الزامات بھی سامنے آئے تھے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فرانس سے 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے تاکہ بھارتی فضائیہ کو جدید ٹیکنالوجی کے حامل طیارے دستیاب ہوسکیں تاہم بھارت کی اپوزیشن جماعتیں اس ڈیل میں بدعنوانی کا الزام عائد کرتی ہیں۔بھارت میں اس معاملے نے اس وقت زور پکڑا جب ستمبر 2018 میں فرانس کے سابق صدر فرانسوا اولاند نے انکشاف کیا کہ بھارت نے 11 کھرب روپے مالیت کے 36 رافیل لڑاکا طیارے کی خریداری کیلئے بزنس مین انیل امبانی کی دیوالیہ کمپنی کو پارٹنر بنانے کی تجویز دی تھی۔سابق فرانسیسی صدر کے انکشافات کے بعد بھارتی سیاست میں ہلچل مچ گئی اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی بھی مودی سرکار پر برس پڑے تھے۔راہول گاندھی نے کہا تھا کہ انیل امبانی کی کمپنی 45 ہزار کروڑ روپے کے قرض میں ڈوبی ہوئی تھی اور اس کی مدد کیلئے ہی نریندر مودی نے رافیل طیاروں کے معاہدے کا سہارا لیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام کے دماغ میں یہ بات ہے کہ وطن کا چوکیدار چور ہے اور سابق فرانسیسی صدر نے بھی ہمارے وزیراعظم کو چور کہا ہے۔راہول گاندھی نے مزید کہا تھا کہ مودی کو فرانسیسی صدر کے بیان کی تصدیق یا تردید کرنی چاہیے لیکن ہمیں مکمل یقین ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرپٹ ہیں۔