موٹروے پولیس نے بھی شہریوں کو نشانے پر رکھ لیا، کار سوار پر تشدد کی ویڈیو وائرل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب پولیس اور ٹریفک وارڈنز کی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور ہتک آمیز سلوک کرنے کی ویڈیوز گاہے منظرعام پر آتی رہتی ہیں۔ اب موٹروے پولیس بھی اس کام میں ان کی ہم قدم ہو گئی ہے اور اس کی بھی ایک شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹروے پولیس کا ایک اہلکار اس کارسوار شہری کو تھپڑ مارتا ہے اور اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کرتا ہے جس سے وہ ویڈیو بنا رہا ہوتا ہے۔
اس کار سوار شہری نے ویڈیو میں بتایا کہ”مجھے زائد رفتار کی وجہ سے روکا گیا حالانکہ دیگر کئی گاڑیاں اسی رفتار سے چل رہی ہیں اور انہیں نہیں روکا جا رہا۔ میرے ساتھ پولیس والوں نے امتیازی سلوک کیااور جب میں نے احتجاج کیا تو مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔“شہری نے بتایا کہ ”میرے ساتھ ہی ایک اور شخص کو بھی انہوں نے روکا لیکن پھر اسے جانے کی اجازت دے دی۔“موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ سپیڈ چیکنگ آپریشن کے دوران ’کنفیوژن‘ کے باعث پیش آیا۔