ورچوئل یونیورسٹی ٹی وی چینلز لائسنس میں 15 سال کی توسیع
لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے غیر تجارتی تعلیم کیٹیگری کے سلسلے میں ورچوئل یونیورسٹی کے لئے آئندہ 15 سال کے لئے لائسنس کی تجدید کر دی۔ ورچوئل یونیورسٹی کے ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے تحت 4 سیٹیلائٹ ٹیلیویژن چینل چلائے جاتے ہیں۔ حال ہی میں اس کے دو چینلز وی ٹی وی 3 اور وی ٹی وی 4 کو اسلام آباد کے پیمرا ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں تجدید لائسنس سے نوازا گیا۔ چیئرمین پیمرا، مسٹر محمد سلیم بیگ نے لائسنس جنرل منیجر وی یو ٹی وی بابر علی کے حوالے کئے۔اس موقع پہ دونوں اداروں کے نمائندوں نے باہمی مفادات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا، جی ایم، وی یو ٹی وی نے چیئر مین پیمرا کا وی یو ٹی وی کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔