نائب صدارت کیلئے مباحثہ، مائیک پینس اورکا ملاہیرس نے سکون، ذمہ داری اور اخلاقیات کا پاس رکھا 

  نائب صدارت کیلئے مباحثہ، مائیک پینس اورکا ملاہیرس نے سکون، ذمہ داری اور ...

  

 واشنگٹن(اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) امریکی نائب صدر مائیک پینس اور سینیٹر کاملا ہیرس نے نائب صدارت کی سیٹ کے لئے ہونے والے واحد مباحثے میں صدارتی مباحثے کے بالکل برعکس انتہائی سکون، ذمہ داری اور اخلاقیات کا پاس رکھتے ہوئے حصہ لیا۔ ریاست یوٹا کے شہر لیک سٹی کی یونیورسٹی آف یوٹا میں بدھ کی شب نو ے منٹ کے مباحثے میں اہم ترین موضوع کرونا وائرس کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی تھی۔”یو ایس اے ٹو ڈے“ سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی سوسن پیج نے مباحثے کی میزبانی کی۔ مباحثے میں نائب صدر مائیک پینس نے کرونا وائرس کی وباء کی روک تھام کے لئے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کا دفاع کیا جو کرونا وائرس کی ٹاسک فورس کے سربراہ بھی ہیں۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اس سلسلے میں اس سال امریکی عوام کو زبردست چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بتایا کہ صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح امریکی عوام کی صحت ہے۔ ڈیمو کریٹک امیدوار سینیٹر کاملا ہیرس نے سرکاری پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں امیدوار بڑے اچھے ماحول میں ایک دوسرے کے بیانات میں مداخلت کرتے رہے اور دونوں نے اس اہم سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ کیا صدر کے طبی یا کسی اور لحاظ سے نا اہل ہونے کی صورت میں یہ عہدہ سنبھالنے کی تیاری کر رکھی ہے یا اس سلسلے میں بات کی ہے۔ میزبان خاتون نے نہ صرف دونوں امیدواروں کو ایک دوسرے سے مداخلت کرنے سے نہیں روکا بلکہ جب وہ اہم سوالوں کا جواب دینے سے گریز کرتے رہے تو انہوں نے انہیں جواب دینے پر مجبور نہیں کیا۔ نائب صدر مائیک پنس نے مباحثے کے دوران بالواسطہ طور پر یہ تاثر دیا کہ وہ صدر ٹرمپ سے بہت مختلف ہیں۔ انہوں نے انتہائی نرم لہجے میں امریکی عوام کو کرونا وائرس کی درپیش مصیبت پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک موقع پر مخالف خاتون امیدوار کو اپنی نامزدگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی مثال ہے۔ انہوں نے انکساری کے ساتھ کمالا ہیرس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سٹیج پر آپ کے ساتھ موجود ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ کمالا ہیرس کا لہجہ اس وقت سخت نظر آیا جب انہوں نے کرونا وائرس کے بارے میں بتایا کہ امریکی عوام نے امریکی تاریخ میں کسی انتظامیہ کی طرف سے اتنی بڑی ناکامی کا تجربہ نہیں کیا۔ نائب صدر پنس نے کیلیفورنیا ریاست سے تعلق رکھنے والی خاتون سینیٹر کمالا ہیرس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ انہوں نے اس ریاست میں مجرمانہ انصاف میں اصلاحات کے حوالے سے کسی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ دونوں امیدواروں نے ہیلتھ کیئر کے منصوبوں پر اپنی اپنی پارٹیوں کی متضاد پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے انہیں امریکی عوام کے لئے زیادہ سودمند قرار دیا۔ ڈاک کے ذریع ووٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر پینس نے بتایا کہ وہ صدر کے ہمراہ ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے اس کے ضوابط تبدیل کرنے کی کوششوں کی مخالفت کرتے رہے ہیں تاکہ ووٹنگ کے اس طریقے کے ذریعے جعلسازی نہ ہو سکے نائب صدر مائیک پنس نے امریکی عوام کو یقین دلایا کہ عالمی وبا کے علاج کے لئے ویکسین کی خوراک موجودہ سال کے آخر تک میسر آ سکے گی۔

مباحثہ

مزید :

صفحہ اول -