اے این ایف کی کارروائیاں،5ملزمان گرفتار،منشیات برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)سندھ اورکراچی پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں 5ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق اے این ایف اور گلشن اقبال پولیس نے الآصف اسکوائر سہراب گوٹھ پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم زبیر ولد ریاض کو گرفتار کرکے 2کلوگرام چرس برآمد کرلی۔شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کے دوران 2ملزمان کاشف کرنی ولد انصار کرنی اور ندیم نوشاد ولد احمد حسین دھرلیے گئے۔ملزمان کے قبضے سے 850گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ادھر ایئرپورٹ پر کارروائی کرکے بیرون ملک جانے والے مسافر امتیاز علی ولد دیدار کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 750گرام ہیروئن برآمد کی گئی جبکہ منگھوپیر میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ملزم یار محمد ولد تاج محمد پکڑا گیا،جس کے قبضے سے 650گرام چرس برآمد ہوئی۔تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔