کراچی کے جزائر وفاق اپنی تحویل میں لے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  کراچی کے جزائر وفاق اپنی تحویل میں لے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کے جزائر فوری طورپر وفاق اپنی تحویل میں لے کر انہیں ڈولپ کرے کیونکہ کراچی نہ تو ماضی میں سندھ کا حصہ تھا اور نہ ہی اب ہمیں سندھ کا حصہ ماننے کو تیار ہیں۔ کراچی کی تعمیروترقی میں مہاجروں کا کردار ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کراچی کی تعمیر ملک کی تعمیر ہے۔ پیپلزپارٹی جوکہ قوم پرستی کی سیاست پر گامزن ہے وہ 18ویں اور صوبائی خودمختاری کے نام پر پاکستان کو تباہ وبرباد کرنا چاہتی ہے۔ سندھ کے مہاجر نہ تو کسی 18ویں ترمیم اور نہ ہی صوبائی خودمختاری کو مانتے ہیں، وفاقی حکومت پیپلزپارٹی کے قوم پرستوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے دلیرانہ فیصلے کریں، کراچی پہلے بھی مہاجروں کا شہر تھا اور اب بھی مہاجر اس شہر کے وارث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے قوم پرست وزیراعلیٰ مراد علی شاہ علیحدگی پسندوں اور سندھودیش کے حامیوں کو کراچی میں بلواکر سہولت کا رکا کردار ادا کررہے ہیں اس طرح کی ریلیوں اور احتجاج سے نہ تو مہاجروں کو خوفزدہ کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ہم اپنے حق سے پیچھے ہٹنے کو تیار ہیں۔ مہاجروں کے آباؤ اجداد نے آگ اور خون کے دریا عبور کرکے پاکستان بنایا تھا، یہ ہمیں خیرات میں نہیں ملا، انہوں نے کہاکہ کراچی کو عروس العبادبنانے والے مہاجر آج اپنے ہی شہر میں اجنبی بنادیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پہلے خود وفاق کو جزیروں کی تعمیر کیلئے خط لکھتے ہیں پھر قوم پرستوں کی پشت پناہی کرکے خود قوم پرستانہ کردار ادا کرنا شروع کردیتے ہیں۔ اب سندھ کے مہاجر اس بات پر متفق ہیں کہ فوری طورپر وفاقی حکومت کراچی کو وفاق کا حصہ بنائے کیونکہ کراچی کے مہاجر اس متعصب حکومت کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں۔ 

مزید :

صفحہ آخر -