ربیع الاول میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی،افتخار شلوانی

  ربیع الاول میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی،افتخار شلوانی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ ربیع الاول کے انتظامات کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ ہے باہمی اشتراک سے ربیع الاول کے جلوس اور اجتماعات کے انعقاد کے لئے سہولیات مہیا کی جائیں گی، تمام انتظامات کا خود جائزہ لوں گا اور اس سلسلے میں منتظمین کی مشاورت سے کام کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے اہل سنت رابطہ کونسل اور دعوت اسلامی (فیضان مدینہ)کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، دعوت اسلامی کے وفد کی سربراہی محمد یعقوب عطاری کر رہے تھے جبکہ وفد میں کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ عطار، عبدالرحمن عطاری، محمد حنیف، اویس رضا عطاری اور عمران عطاری شامل تھے،وفد کے اراکین نے ربیع الاول کی تیاریوں کے لئے سلسلے میں انتظامات اور شہری مسائل کے حل کے حوالے سے بات کی اور انہیں جلد از جلد مکمل کرنے کی درخواست کی، دعوت اسلامی کے وفد نے کہا کہ شہر میں 24 صفر سے لے کر 13 ربیع الاول تک ربیع الاول کے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جن میں شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد شرکت کرتی ہے لہٰذا اس کے پیش نظر مساجد اور اجتماعات کی جگہوں پر سڑکوں کی استرکاری، روشنی کے انتظامات اور دیگر ضروری امور پر توجہ دی جائے، انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے راستے بھی ہموار کئے جائیں اور جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں سڑکوں کی مرمت کی جائے تاکہ جلوس کے شرکاء کو سہولت ملے، انہوں نے گرومندر چوک پر جامع مسجد کنزالایمان کے سامنے روڈ کی کارپیٹنگ اور شاہ فیصل کالونی میں گرین ٹاؤن میں استرکاری اور دیگر کاموں کو جلد مکمل کرنے کی درخواست بھی کی، دعوت اسلامی کے وفد نے اس موقع پر کے ایم سی کے ساتھ مل کر سڑکوں کی استرکاری کے کام میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کو فیضان مدینہ کے دورے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وہ جلد ہی ربیع الاول کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کریں گے 

مزید :

صفحہ آخر -